Saturday 27 August 2016

امن و انسانیت معاشرے کی بنیادی ضرورت Peace and Human the basic requirement for society

امن و انسانیت معاشرے کی بنیادی ضرورت



      ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے کہ وہ جس معاشرے میںرہ رہا ہے ، اس میں اسے سماجی برابری کا درجہ حاصل ہو۔وہ اونچ نیچ، ظلم و استحصال اور ہر طرح کے خطرہ سے آزاد رہ کرامن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکے۔اسے ناحق قتل کیاجائے نہ بے بنیاد الزام کے تحت سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے ۔

      اپنے اس حق کے حصول اور اس کی حفاظت کے لیے وہ کوشش بھی کرتا ہے۔ چنانچہ وہ حق کی حمایت میں اور ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا اپنا اخلاقی فریضہ سمجھتا ہے ۔ وہ اس بات کی قطعاً پروا نہیں کرتا کہ ظلم کس پر ہو رہا ہے؟ اس کی زد میں اس کا سگا بھائی ہے یا کوئی اور! اس کے مذہب سے تعلق رکھتا ہے یا نہیں!!اسے صرف یہ خیال ستاتا ہے کہ ظلم انسان پر ہورہا ہے، خون ایک بے قصور انسان کا بہ رہا ہے۔ جو اسی کی طرح دنیا میں چلتا پھرتا اور آدم کی اولاد ہے۔


      انسانوں پر ظلم ہوتا دیکھ  کر تڑپ اٹھنا انسان کا وہ جذبہ ہے جو انسانیت کی روح ہے۔ یہ جذبہ جو اسے دوسری مخلوقات سے افضل بناتا ہے۔ انسان اپنے اندر ایک حساس دل رکھتا ہے جو عدل کی حمایت میں کسی ظالم قوت کی پروا نہیں کرتا۔ اگر یہ جذبہ عام انسانوں کے اندر کارفرما نہ ہو تو پھر پوری دنیا تباہ و بربادہ ہوجائے گی۔ ہر طرف ظلم وستم کا ہی بول بالا ہوگا ۔ روشنی قید کرلی جائے گی اور چاروں طرف اندھیرا ہی اندھیرا ہوگا، جس میں کوئی بھی جی نہیں سکتا ،حتی کہ ظالم بھی نہیں ، کیوں کہ ظلم آخر ظلم ہے، بڑھتا ہے تو ختم ہوجاتاہے۔اس صورت میں ظالم کوظلم توبہ کرنے کا موقع نہیں ملتا۔ جب تک کہ ایک انسان اس ظالم کوحیوانیت سے نکال کر انسانیت کی طرف لانے کے لیے سعی و جہد کرتا ہے ،جو انس و محبت کا تقاضا ہے۔ اس لیے اسلام نے اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:

      اپنے بھائی کی مدد کرو خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم ۔ایک شخص نے عرض کیا، یا رسول اللہؐ ! میں مظلوم کی مددتو کرتا ہوں۔ لیکن ظالم کی مدد کس طرح کروں؟ آپؐ نے فرمایا کہ ظلم سے اس کا ہاتھ پکڑ لو۔ یہی اس کی مدد ہے۔(بخاری،کتاب المظالم والغضب)

      جس دور میں ہم جی رہے ہیں اس میں ماحول حددرجہ خراب ہوتا جارہاہے۔ہم دنیا پر ایک نظر ڈالیں تو محسوس ہوتا ہے کہ آج پوری دنیا میں انسانیت سسک سسک کر دم توڑرہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ انسان کو دنیا میں اس بنیادی ضرورت سے محروم کیا جارہاہے۔اس سے دنیا میں جینے کا حق چھینا جارہاہے۔ بے گناہوں، معصوم بچوں کا خون پانی کی طرح بہایاجارہاہے۔غیرت مندماؤں اور بہنوں کی عزت تارتار کی جارہی ہے۔


      اس کے بعد جب ہم اپنے پیارے وطن کا جائزہ لیتے ہیں۔تو یہاں بھی پچھلے چند سالوں میں ہمیں قریب قریب وہی منظر دیکھنے کو ملتا ہے ۔ ذات پات،اونچ نیچ کا فرق ، جس کے نتیجے میں ہونے والی خود کشی،بے جا گرفتاریاں، خوں ریزی بڑھتی جارہی ہے۔ یہاں کا باشندہ ہوتے ہوئے بھی غیر محفوظ ہونے کا ڈر لوگوں کے دلوں میں سمارہا ہے۔ اس سے اس کے وجود کی سند مانگی جاتی ہے۔ پتہ نہیں، کون کس وقت دروازے پر دستک دے اور دروازہ کھلتے ہی اسے دبوچ لیاجائے ، بے بنیاد الزام کے تحت مدتوں جیل کی سلاخوں کے پیچھے اذیت ناک سزابھگتنے کے لیے ڈال دیا جائے۔ پھر کئی سالوں کے بعد عدالت سے باعزت بری ہونے کا اعلان کیا جائے۔


      ایسے میں بنیادی حقوق کی بات کرنے والے،امن وامان کے خواہاں لوگوں اور عدل و انصاف کے علمبرداروں کو بھی ان ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گویا اجالوں سے کہا جارہاہو کہ تمہاری ہمت کیسے ہوئی پاؤں پسارنے کی۔ تمھیں دکھتا نہیں کہ ابھی چاروں طرف اندھیروں کا قبضہ ہے۔ ایسے میں تو اپنی ٹمٹاتی روشنی سے کیا کرے گا ، پھر یا تو یہ روشنی بجھادی جاتی ہے ، یا ٹمٹماتا ہواچراغ بے یار و مدد گار خود ہی دم توڑ دیتا ہے۔ مگر اندھیروں کو پتہ نہیں کہ یہ ہلکی سی روشنی اور دم توڑتا ہوا چراغ اپنے حوصلوں سے ان بے شمار جگنؤوں میں قوت بھر رہا ہے، پھر وہ تمام بے تاب ہو کر ایک ساتھ جگمگانے لگیں گے۔ آخر میں یہ کالی رات اور اندھیروں کا سایہ دھیرے دھرے فنا ہوجائے گا۔


      مگر ساتھ ہی اندیشہ اس بات کا بھی ہے کہ وہ تعیش پسند انسان جس کے اندر نہ حس ہے نہ وہ انسانی جذبات سے سرشارہے کہ قربانی دے، اگر تھوڑی بہت ہمت جٹا بھی لے تو خوفناک انجام اس کے سامنے ویڈیو کی طرح گھومتارہتا ہے۔ چنانچہ وہ اس میں خود کو جھونک دینے سے کتراتا ہے اور یہی ڈر اور خوف ظالم اندھیروں کو اپنا سایہ پھیلانے میں کامیاب ہوجاتاہے، پھرانسانوں کی بستی میں حیوانیت اور درندگی کاکھیل شروع ہوجاتاہے۔
اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ انگریزوں سے آزادی کے بعد اپنوں کی غلامی میں جینا ہوگا؟کیااب امن قائم نہ ہوگااور یہ خوف یوں ہی برقرار رہے گا اور خونی کھیل یوں ہی جاری رہے گا۔ جس کی لپیٹ میں وہ معصوم اوربے قصور انسان ہیں، جو عدل وانصاف اور اس روشنی کے خواہاں ہیںجو اندھیروں کا پردہ چاک کردے۔اس لیے انسانیت کے اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے،جس کاانسان کے خالق و مالک نے قرآن کریم میں اعلان کیا ہے:


’’جس نے کسی انسان کوخون کے بدلے یا زمین میں فسادپھیلانے کے سواکسی اوروجہ سے قتل کیا اس نے گویاتمام انسانوںکا قتل کردیا اورجس نے کسی کوزندگی بخشی اس نے گویاتمام انسانوںکو زندگی بخش دی۔‘‘(مائدۃ: 32)


اگر لوگ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے ،وہ خوف کے سائے میںروشنی کے بجائے اندھیرں میں بھٹکتے رہے۔تو انسانیت کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا۔اندھیروں کے پرستارتوپوری قوت سے انھیں اجالا ثابت کرکے لوگوں کو مصیبت میں رکھنا چاہتے ہیں۔ ان سے نبردآزما ہونا ، انصاف کی اس لڑائی کو جاری رکھنے، ان کے مکر وفریب اور پروپگنڈے کو ختم کرنے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ ساتھ ہی ان جگنؤوں کو بلا خوف و خطر ایک ساتھ جگمگانا ہوگا، تاکہ وہ سب مل کر ایک خورشید مبین بن جائیں ، اندھیرے خود ہی دم توڑ دیںاور امن کا پرندہ قید سے آزاد ہو۔


ورنہ ان بکھرے ہوئے تاروں سے کیا بات بنے

Saturday 20 August 2016

امن وانسانیت کا قیام اور اسلامی تعلیمات Peace & Humanity in ISLAM

امن وانسانیت کا قیام اور اسلامی تعلیمات
محب اللہ قاسمی                                                                                         

لفظ ’امن ‘خوف کی ضدہے۔ یہ عربی زبان کا لفظ ہے ،لیکن اس کا استعمال اردوہندی زبان میں یکساں طورپر ہوتا ہے۔ اس میں چین، اطمینان، سکون و آرام کے علاوہ صلح وآشتی اور پناہ کے معنی بھی پائے جاتے ہیں۔امن معاشرے کی ایک اہم ضرورت ہے۔ اس کے بغیر انسان اور درندہ میں کوئی فرق باقی نہیں رہ جاتا۔ معاشرہ کی تعمیروترقی کے لیے امن کا ہونا نہایت ضروری ہے۔ چنانچہ روزاول سے ہی یہ ایک اہم مسئلہ رہاہے اورآج کے پرفتن دورمیںیہ مزید اہمیت کا حامل ہوگیا ہے۔ حضرت آدمؑ سے لے حضرت محمدﷺ تک جتنے بھی انبیاء اس دنیامیں تشریف لائے، انھوںنے امن وامان کی بحالی، ظلم و ناانصافی کا خاتمہ اورحقوق کی ادائیگی کو اہمیت دی ہے۔ حضرت ابراہیم ؑاوران کے فرزندحضرت اسماعیل ؑ جب خانہ کعبہ کی تعمیرمیں لگے ہوئے تھے ، اس وقت انھوںنے شہر مکہ کے لیے یہ دعا فرمائی تھی :

رَبِّ اجْعَلْ هٰذَا الْبَلَدَ اٰمِنًااے میرے پروردگاراس شہر(مکہ)کو جائے امن بنادیجئے۔ (ابراہیم:۳۵)

 
اگرموجودہ دور کا جائزہ لیاجائے تو تعصب، ذاتی منفعت کے بے جاحصول اور فرقہ پرستی نے ایسا ماحول بنادیاہے کہ ظلم کوظلم نہیں سمجھا جاتا۔ دن دھاڑے بستیاں جلادی جاتی ہیں۔ عبادت گاہیں منہدم کردی جاتی ہیں۔بے قصور لوگ قصوروار قرار دیے جاتے ہیںاورناکردہ جرم کی پاداش میںانھیں انسانیت سوز تکالیف کا سامناکرنا پڑتا ہے،انصاف کی عدالت سے جب تک ان کے بے گناہ ہونے کا فیصلہ صادر ہوتا ہے تب تک ان میںسے کچھ اپنی نصف عمراندھیری کو ٹھری میں گزار چکے ہوتے ہیں جب کہ کچھ انصاف کی امید میں اس جہاں کوہی الوداع کہہ جاتے ہیں۔
 انسانی زندگی امن وطمینان کی خواہاں ہوتی ہے، اس لیے ہرمذہب میں امن واطمینان عدل وانصاف اورسلامتی کو نمایاںمقام حاصل ہے۔امن کا پیغام دینے والا مذہب ’’دین اسلام‘‘ جس کے بارے مخالفین نے عام لوگوں کے درمیان غلط پروپگنڈا کررکھا ہے اوراسے دہشت اور وحشت کا معنی بنادیا ہے۔ مگر تاریخ  اس پر گواہ ہے اور اس سے واقفیت رکھنے والے حق پسند حضرات، خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ اسلام درحقیقت انسان کوامن وسلامتی کاپیغام دیتا ہے۔ جس کی تعمیرآپسی محبت اورباہمی مساوات سے ہوتی ہے۔ اسلام سے قبل سرزمین عرب کی تاریخ پر نظرڈالی جائے تومعلوم ہوگا کہ عرب قوم ایسی ظالمانہ ، وحشیانہ اورجابرانہ تھی کہ معمولی سی بات پر دوقبیلے صدیوں تک آپسی جنگ جاری رکھتے اور انتقام کی آگ میں جھلستے رہتے تھے خواہ اس کے لیے سینکروں جانیں لینی یادینی پڑیں ،مگرانھیں اس کی کوئی پرواہ نہ ہوتی تھی۔ گویا انتقام کے لئے انسانی جان کی کوئی قیمت اوروقعت نہ تھی۔ تعصب کا حال یہ تھا کہ ہرامیر غریب کو ستاتا اور طاقتور کمزوروں پرظلم ڈھاتا تھا۔ لوگوں نے اپنی تخلیق کا مقصد بھلا دیاتھااورخودتراشیدہ بتوںکواپنا معبود حقیقی سمجھ کران کی پرشتس کرناان کامعمول اور خود ساختہ راہ اختیارکرتے ہوئے فساد و بگاڑ پیدا کرنا ان کا شیوہ بن چکاتھا۔اس کے نتیجے میں ظلم وزیادتی،قتل وغارتگری،چوری وبدکاری اور بداخلاقی کابازارگرم ہوگیاتھا۔ معاشرتی زندگی تباہ و بربادہوچکی تھی اورامن و امان پوری طرح پامال ہو چکا تھا۔ ایسے پرخطرحالات میں جب انسانیت دم توڑرہی تھی ’’اسلام‘‘نے آپسی محبت کاپیغام سناتے ہوئے انسانی جان کی قدروقیمت بتائی اور بدامنی کے ماحول پر روک لگادی۔ مَنْ قَتَلَ نَفْسًۢابِغَيْرِ نَفْسٍ اَوْ فَسَادٍ فِي الْاَرْضِ فَكَاَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِيْعًا  ۭوَمَنْ اَحْيَاهَا فَكَاَنَّمَآ اَحْيَا النَّاسَ جَمِيْعًا  ۭ’’جس نے کسی انسان کوخون کے بدلے یا زمین میں فسادپھیلانے کے سواکسی اوروجہ سے قتل کیا اس نے گویاتمام انسانوںکا قتل کردیا اورجس نے کسی کوزندگی بخشی اس نے گویاتمام انسانوںکو زندگی بخش دی۔‘‘(مائدۃ: 32)


 اسلام کی نظر میںناحق کسی ایک آدمی کاقتل گویا پوری انسانیت کا قتل ہے۔ اسلام کسی ایک فردکا قتل تودرکنار اس کی ایذاررسانی کوبھی پسند نہیں کرتا۔اللہ کے رسول ﷺکا ارشادہے۔وَاللَّهِ لَا يُؤْمِنُ وَاللَّهِ لَا يُؤْمِنُ وَاللَّهِ لَا يُؤْمِنُ  قِيلَ: وَمَنْ يَا رَسُولَ اللَّهِ؟  قَالَ:   الَّذِي لَا يَأْمَنُ جَارُهُ بَوَايِقَهُبخدا وہ مومن نہیں بخداوہ مومن نہیں ،بخداوہ مومن نہیں۔ دریافت کیا گیا، کون اے اللہ کے رسول ! آپ ؐ نے فرمایاوہ جس کا پڑوسی اس کے ظلم وستم سے محفوظ نہ ہو۔ (بخاری5584)
 افراد کے یکجا رہنے سے معاشرے کی تعمیر ہوتی ہے ، جہاں لوگ آباد ہوتے ہیں وہاں پڑوسیوں کا ہونا لازمی ہے۔ ان کا باہمی میل جول رکھنا اور آپس میں ایک دوسرے اذیت نہ پہنچانا ہی قیام امن ہے۔ اسی لیے پڑوسی پرظم کرنا اسلام کی علامت نہیں ہے خواہ وہ پڑوسی کسی بھی مذہب کا ماننے والاہو،وہ انسان ہے اس لئے ان سے محبت اورحسن سلوک کرنا چاہئے۔اسلام نے ایسے شخص کوبدترین انسان قراردیاہے جس سے نہ خیرکی توقع ہواورنہ لوگ اس کے شرسے محفوظ رہے۔نبی کریم ﷺ کا ارشادہے:
 وَشَرُّكُمْ مَنْ لَا يُرْجَى خَيْرُهُ وَلَا يُؤْمَنُ شَرُّهُ’’تم میں بدترین شخص وہ ہے جس سے دوسرے لوگوں کونہ خیرکی امیدہو نہ اس کے شرسے لوگ محفوظ ہوں‘‘(ترمذی باب الفتن:2194)

 ایک دوسرے سے نفرت کے بجائے محبت کا شوق دلاتے ہوئے اسلام کہتاہے ’’  لایرحمہ اللہ من لایرحم الناس‘‘ (جولوگوںپررحم نہیںکرتاخدابھی اس پررحم نہیں کرتا ہے)۔ دوسری جگہ ارشاد ہے:
الرَّاحِمُونَ يَرْحَمُهُمُ الرَّحْمَنُ، ارْحَمُوا مَنْ فِي الْأَرْضِ يَرْحَمْكُمْ مَنْ فِي السَّمَاءِرحم وکرم اوردوگذرکرنے والوںپرخدابھی رحم کرتاہے۔لہذاتم زمین والوںپررحم کرو، آسمان والاتم پررحم کرے گا۔    (ترمذی:1843)
 پیغمبرامن ﷺ کی سیرت نبوت سے قبل بھی اتنی ہی شاہکارتھی جتنی کہ نبوت کے بعد تھی۔ آپ ﷺ امن کے لیے ہمیشہ کوشاں دکھائی دیتے تھے۔ حلف الفضول کا واقعہ اس کا شاہد ہے ۔جب دنیائے عرب میں حق تلفی ،بدامنی اورفسادکا ماحول تیزہوگیاتھا۔ایسے حالات میں مظلوم و بے بس لوگوںکی فریادسنی گئی اور ایک تاریخی منشور لانے کے لیے قریش کے چند قبائل نے اقدام کیا،جس کا نام’حلف الفضول ‘ ہے۔ جوقیام امن ،بنیادی انسانی حقوق اوربے بسوں کی دادرسی کا تاریخ ساز معاہدہ قرارپایا۔نبیؐ اس معاہدہ کے ایک اہم رکن تھے۔ اس معاہدہ کے لیے آپ نے عین شباب میں بھرپور تعاون اورمؤثر کردار ادا کیا۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ آپؐ نے دور نبوت میں ایک موقع پر ارشادفرمایا:
’’اس معاہدہ کے مقابلہ میں اگرمجھے سرخ اونٹ بھی دیے جاتے تومیں نہ لیتا اورآج بھی ایسے معاہدے کے لیے کوئی بلائے تو میں شرکت کے لیے تیار ہوں۔‘‘
 بعثت سے پانچ سال قبل جب قریش نے خانہ کعبہ کی تعمیرنو کا ارادہ کیاجب حجراسودکو اس کی جگہ رکھنے کی نوبت آئی تو قبائل کے مابین خانہ جنگی شروع ہوگئی ۔ حتی کہ لوگ خون بھرے برتن میں ہاتھ ڈبوڈبوکر مرنے اورمارنے کی قسم کھانے لگے۔ کئی روز گزرجانے کے بعد یہ طے ہوا کہ کل صبح جو شخص سب سے پہلے مسجد حرام کے دروازے سے داخل ہواسی کو اپنا حکم بناکر فیصلہ کرالو۔سب اس رائے پر متفق ہوگئے۔ صبح ہوئی اورتمام لوگ جب حرم میں پہنچے تو دیکھا کہ سب سے پہلے آنیوالے محمد ﷺ ہیں۔آپ کو دیکھ کر تمام لوگ بے ساختہ پکار اٹھے:
هذا الأمين، رضيناه، هذا محمد

یہ تومحمد ہیں جوامانت دار ہیں ہم انھیںحکم بنانے کو تیار ہیں۔(الرحیق المختوم،ص:79)
آپ نے ایک چادرمنگائی اور حجراسود کو اس میں رکھ کر فرمایاکہ ہرقبیلہ کا سرداراس چادر کو تھام لے تاکہ اس شرف سے کوئی قبیلہ محروم نہ رہے ۔ اس فیصلہ کو سب نے پسند کیا۔ سب نے مل کر چادر اٹھائی۔اس طرح امن کے علمبردار نے بڑی حکمت سے کام لیا اورآپ کے اس فیصلے پر صلح کے ساتھ ایک بڑے فساد کو خاتمہ ہوا۔ (سیرۃ المصطفی ص:۱۱۳)


 لفظ ’اسلام‘‘کا مادہ (س ل م) خودسلامتی اورحفاظت کا پتہ دیتاہے۔ اگر غور کریں تودنیا میں تین چیزیں ہی عدل وانصاف اورظلم و جور کا محور ہیں جان، مال اور آبرو۔یہ وہ چیزیں ہیں جن میں انصاف نہیں کیاجائے تویہ امن و سلامتی کو گزندپہنچاتی ہیں۔ اسی کے پیش نظر نبی کریم نے حجۃ الوداع کے طورپر جو تاریخ ساز خطبہ دیا تھا۔ اس میں ایک دفعہ یہ بھی تھی:


 " فَإِنَّ دِمَاءَكُمْ وَأَمْوَالَكُمْ وَأَعْرَاضَكُمْ بَيْنَكُمْ حَرَامٌ، كَحُرْمَةِ يَوْمِكُمْ هَذَا فِي شَهْرِكُمْ هَذَا فِي بَلَدِكُمْ هَذَا’’یقینا تمہارا خون،تمہارا مال اورتمہاری آبروآپس میں (تاقیامت)اسی طرح محترم ہے جس طرح یہ دن،اس مہینہ میں اوراس شہرمیں محترم ہے۔‘‘ (بخاری:66)


 محسن انسانیت پیغمبراسلام نے دشمنوںکے ساتھ بھی اچھا برتاؤ کیا۔ایک مرتبہ ایک دشمن نے اچانک آپ کی تلوارلے لی اورکہنے لگا  ’’من یمنعک منی‘‘  (تمہیں مجھ سے کون بچاسکتاہے؟) آپ نے فرمایا ’’اللہ‘‘یہ سنتے ہی تلواراس کے ہاتھ سے گرگئی آپ نے تلواراپنے قبضے میں لے لی مگراسے معاف کردیا اور اس سے درگزرکیا۔فتح مکہ کے وقت آپؐ چاہتے توان لوگوں کا قتل کروادیتے ،جنھوںنے آپ سے دشمنی کی تھی ۔ مگرانسانیت کے تحفظ وبقا کے علمبردارحمۃ اللعالمین نے یہ فرمان جاری کیا  ’’اذہبوا انتم الطلقاء‘‘ جاتم سب آزادہو ۔یہ قیام امن کی بہترین مثال ہے۔ پامالی امن کے اسباب اسلام کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ فتنہ اور فساد کو جڑسے ہی ختم کردیتاہے ۔ظلم اورفساد کی جو بنیادہے کبر،گھمنڈ،خودغرضی،دورخاپن،غصہ ، حسد اورکینہ وغیرہ اسلام ان رذائل کو سخت ناپسندیدہ عمل قراردیتا ہے اور ان کے مرتکب شخص کی اصلاح بھی کرتاہے،تاکہ امن وامان کی اس فضا کو ان آلودگیوں سے پاک رکھا جاسکے۔ اسلام میں باہمی مساوات کی تعلیم انسان کے گھمنڈکوخاک میں ملادیتی ہے ۔ پھر کبر کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہ جاتی۔اسلام کہتاہے کہ اس دنیا میںکسی کو کسی پر کوئی فضیلت اوربرتری نہیں ہے، ہرانسان آدم کی اولاد ہے، جس کواللہ تعالیٰ نے مٹی سے پیداکیا۔ فتح مکہ کے موقع پرآپ نے ارشاد فرمایا :

يَا أَيُّهَا النَّاسُ، أَلَا إِنَّ رَبكُمْ وَاحِدٌ، وَإِنَّ أَباكُمْ وَاحِدٌ، أَلَا لَا فَضْلَ لِعَرَبيٍّ عَلَى أَعْجَمِيٍّ، وَلَا لِعَجَمِيٍّ عَلَى عَرَبيٍّ، وَلَا لِأَحْمَرَ عَلَى أَسْوَدَ، وَلَا أَسْوَدَ عَلَى أَحْمَرَ، إِلَّا بالتَّقْوَى ’’اے لوگو! بلاشبہ تمہارارب ایک ہے اورتمہارباپ بھی ایک ہی ہے ،جان لوکہ کسی عربی کوکسی عجمی پراورنہ کسی عجمی کوکسی عربی پر،نہ کسی سرخ کوکسی سیاہ پر اورنہ کسی سیاہ کو کسی سرخ پرکوئی فضیلت اوربرتری حاصل ہے سوائے تقوی کے ‘‘(مسنداحمد:22871)

 رہی بات حسب ونسب اورخاندان کی تواس کامقصدصرف ایک دوسرے کاتعارف ہے۔ جسے خالق جہاںنے اپنے کلام پاک میں اس طرح بیان فرمایاہے ۔يٰٓاَيُّهَا النَّاسُ اِنَّا خَلَقْنٰكُمْ مِّنْ ذَكَرٍ وَّاُنْثٰى وَجَعَلْنٰكُمْ شُعُوْبًا وَّقَبَاۗىِٕلَ لِتَعَارَفُوْا  ۭ اِنَّ اَكْرَمَكُمْ عِنْدَ اللّٰهِ اَتْقٰىكُمْاے لوگو!ہم نے تمہیںایک مرداورایک عورت سے پیداکیا۔(یعنی سب کی اصل ایک ہی ہے)اور تمہیں خاندانوں اورقبیلوںمیںبانٹ دیاتاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو،بے شک اللہ کے یہاں تم سب میں زیادہ عزت والا وہ ہے جوتم سب سے زیادہ اللہ سے ڈرنے والاہے۔(الحجرات:۱۳)

 اس کا مشاہدہ مسجدوں میںبخوبی کیاجاسکتاہے ،جہاں تمام افراد بلا امتیاز قد و قامت اور شان شوکت ،کندھے سے کندھا ملائے کھڑے نظرآتے ہیں۔ یہ خوبی بیان کرتے ہوئے علامہ اقبال نے کہا تھا ؎
 
 یہ عادلانہ نظام پیغمبرآخرمحمدﷺکی جفاکشی اورصحابہ ٔ کرام ؓکی جاںفشانیوں کے نتیجہ میں قائم ہواتھا،اسے خلافت ِ راشدہ کا نام دیا جاتا ہے، جسے دوسرے لفظوں میں نوع انسانی کامحافظ ادارہ کہنا درست ہوگا۔موجودہ حالات جس طرح اسلام کوبدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے اس سے اہل اسلام کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے اورنہ ہی جذبات میں آکرکوئی غلط قدم اٹھانے کی۔ کیونکہ جس طرح نام بدل دینے سے شی کی حقیقت نہیں بدلاکرتی ٹھیک اسی طرح اسلام کو جوامن وسلامتی کا ضامن ہے، دہشت گردیا انسانیت دشمن قراردے کراس کی حقیقت کوبدلانہیں جاسکتا۔یہ تو دین ہدایت ہے جو انسان کو انسان کی طرح زندگی گزارنے کا طریقہ بتاتاہے اورقیام امن کے لیے آپسی محبت اور باہمی مساوات کا پیغام دیتاہے۔اس لیے ہم علم وعمل ، گفتار وکردار، نشست وبرخاست کومکمل طورپر اسلامی سانچے میں ڈھالیں اورامن و انسانیت کے دشمن، نفرت پھیلانے والے فاسد عناصر سے ہر ممکن مقابلہ کے لیے تیار رہے اور ان کے پروپگنڈہ کا حکمت ودانش مندی سے مثبت انداز میں دندان شکن جواب دیں، تاکہ ظلم کا خاتمہ ہو اور معاشرہ میں امن و انسانیت کی فضا ہموار ہو۔ و ما توفیق الا باللہ۔

  لہذانام ونسب اور خاندان کی وجہ سے کسی شخص کوکسی پرفخرکرنے کاکوئی حق نہیںاورنہ کسی کی تحقیروتذلیل کرنااس لئے رواہے۔یہی بات قرآن کریم کی درج ذیل آیت میں کہی گئی ہے:

يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا يَسْخَرْ قَوْمٌ مِّنْ قَوْمٍ عَسٰٓى اَنْ يَّكُوْنُوْا خَيْرًا مِّنْهُمْ وَلَا نِسَاۗءٌ مِّنْ نِّسَاۗءٍ عَسٰٓى اَنْ يَّكُنَّ خَيْرًا مِّنْهُنَّ ۚ وَلَا تَلْمِزُوْٓا اَنْفُسَكُمْ وَلَا تَنَابَزُوْا بِالْاَلْقَابِ ۭ بِئْسَ الِاسْمُ الْفُسُوْقُ بَعْدَ الْاِيْمَانِ ۚ وَمَنْ لَّمْ يَتُبْ فَاُولٰۗىِٕكَ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ’’اے ایمان والو!کوئی قوم کسی قوم کا مذاق نہ اڑائے ممکن ہے کہ وہ ان سے بہتر ہو اورنہ ہی عورتیںدوسری عورتوںکامذاق اڑائیں ممکن ہے وہ ان سے بہترہوں اور نہ ایک دوسرے کوطعنہ دو اورایک دوسرے کوبرے لقب سے پکارو ،ایمان لانے کے بعد برا نام رکھناگناہ ہے  اور جو توبہ نہ کرے وہ ظالم ہے۔‘‘ (الحجرات:۱۱)

ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و عیاضنہ   کوئی بندہ رہا اور نہ کوئی بندہ نواز 

ہاں!  اگرکسی شخص کو برتری چاہئے تویہ صرف تقوی کے ذریعے ہی حاصل ہوسکتی ہے اور تقوی کا مطلب ہے خداکاخوف پیش نظررکھنا اور اس کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنا۔ امن وامان کی پامالی میںحب جاہ ومال کابھی بڑادخل ہے ۔ دیکھا جاتا ہے کہ لوگ دنیاوی اعتبار سے خود کومالدارسمجھ کراپنے کو بڑاسمجھنے لگتے ہیں۔ اس کی ہوس میں اندھے،بہرے اورگونگے بن کر ایک گناہ کرتے چلے جاتے ہیں، جس سے ماحول پر بہت برا اثرپڑتاہے اورمعاشرہغیرمامون ہو کر تباہی کے دہانے پر پہنچ جاتاہے۔ اگر مالداری قابل فخرہوتی توقارون سے زیادہ قابل فخرکوئی نہ ہوتا اورہمیشہ اس کا ذکر خیر ہوتا مگر ایسا نہیں ہے۔

انسانی زندگی کی کچھ قدریں ہوتی ہیں جن کی حفاظت نہایت ضروری ہے۔ اگر ان کی حفاظت نہ کی جائے توانسان ایک درندہ صفت حیوان بن جاتاہے ۔اسی کے پیش نظر اسلام نے ناحق قتل ،غارتگری،شراب خوری، فحاشی و زنا کاری، بداخلاقی وبدکاری سے منع کیاہے۔ تاکہ تمام انسان اس کائنات میں وہ امن وسکون کے ساتھ زندگی گزارسکیں۔ قیام امن کے لیے آخرت کی جوابدہی کو ایک خاص مقام حاصل ہے ۔ اسلام یہ تصور پیش کرتاہے کہ یہ دنیا فانی ہے،اسے ایک دن ختم ہوناہے ۔ اصل زندگی آخرت کی زندگی ہے ، جہاں خداکے حضورپیش ہو کر انسان کو اپنے عمل کا حساب دینا ہے۔ آخرت کی زندگی بہترہے جو ہمیشہ باقی رہے گی۔ (والآخرۃ خیروابقی)۔ عام انسان بھی اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ دنیا میں پیداہونے والا ہر انسان محض چند روزکی زندگی لے کر آیا ہے۔ اسے کچھ پتہ نہیں کہ اس کی سانس کب رک جائے گی اورکب وہ دنیاسے چلاجائے گا۔ اس لیے مسلمانوں ہی کا نہیں بلکہ پوری دنیاکا سب سے بڑامسئلہ یہ ہے کہ ایک ایسا نظام قائم ہوجس میں قیام امن کے لیے عدل و انصاف کواساسی مقام حاصل ہو جو ہرشخص کواس کا حق دے ، کسی کوکسی پر کسی طرح کا ظلم نہ کرنے دے ، امن واطمینان کا خوشگوار ماحول ہو۔

 یہ عادلانہ نظام پیغمبرآخرمحمدﷺکی جفاکشی اورصحابہ ٔ کرام ؓکی جاںفشانیوں کے نتیجہ میں قائم ہواتھا،اسے خلافت ِ راشدہ کا نام دیا جاتا ہے، جسے دوسرے لفظوں میں نوع انسانی کامحافظ ادارہ کہنا درست ہوگا۔موجودہ حالات جس طرح اسلام کوبدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے اس سے اہل اسلام کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے اورنہ ہی جذبات میں آکرکوئی غلط قدم اٹھانے کی۔ کیونکہ جس طرح نام بدل دینے سے شی کی حقیقت نہیں بدلاکرتی ٹھیک اسی طرح اسلام کو جوامن وسلامتی کا ضامن ہے، دہشت گردیا انسانیت دشمن قراردے کراس کی حقیقت کوبدلانہیں جاسکتا۔یہ تو دین ہدایت ہے جو انسان کو انسان کی طرح زندگی گزارنے کا طریقہ بتاتاہے اورقیام امن کے لیے آپسی محبت اور باہمی مساوات کا پیغام دیتاہے۔

اس لیے ہم علم وعمل ، گفتار وکردار، نشست وبرخاست کومکمل طورپر اسلامی سانچے میں ڈھالیں اورامن و انسانیت کے دشمن، نفرت پھیلانے والے فاسد عناصر سے ہر ممکن مقابلہ کے لیے تیار رہے اور ان کے پروپگنڈہ کا حکمت ودانش مندی سے مثبت انداز میں دندان شکن جواب دیں، تاکہ ظلم کا خاتمہ ہو اور معاشرہ میں امن و انسانیت کی فضا ہموار ہو۔ و ما توفیق الا باللہ۔

Turky & Sirya Zalzala

 ترکی و شام میں زلزلے کی تباہ کاری اور انسانیت کی ذمہ داری محب اللہ قاسمی انسان جس کی فطرت کا خاصہ انس ومحبت ہے ۔ اس لیے اس کا ضمیر اسے باہم...