Saturday 18 May 2019

Hamdardi aur Muasat ka Mahina


ماہ رمضان: ہمدردی اور مواساۃ

آپ ؐ نے اس پورے مہینے کو ہمدردی و مواسات کا مہینہ قرار دیا ہے۔ جب انسان روزہ رکھتا ہے تو اسے احساس ہوتا ہے کہ دوسرے لوگ جو پورے سال بے سروسامانی کی وجہ سے بھوک پیاس کی شدت برداشت کرتے ہیں ان کا کیا حال ہوتا ہوگا۔اب جب کہ وہ بھی روزے کی حالت میں ہے تواللہ کے ان محتاج بندوں کی امداد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
یوں تو آپ ؐ بڑے فیاض اور سخی تھے مگررمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی آپ عطا، بخشش و سخاوت بہت بڑھ جاتی تھی، آپ ؐ ہر قیدی کو رمضان بھر کے لیے رہا کردیتے تاکہ وہ اس ماہ سے استفادہ کرے اور ہر سائل کو کچھ کچھ نہ کچھ دیتے خالی واپس نہیں کرتے تھے:
کان رسول اللہ ﷺ اذا دخل شھر رمضان اطلق کل اسیر وا عطی کل سائل (بیہقی فی شعب الایما ن)
’’رسول اللہ کا طریقہ تھا کہ جب رمضان آتا تھا تو آپ ؐ ہر اسیر (قیدی) کو رہا کردیتے تھے اور ہر سائل کو کچھ نہ کچھ دیتے تھے۔‘‘
آپ نے روزہ دار کے افطار کرانے پر زور دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:
مَنْ فَطَّرَ صَائِمًا، أَوْ جَهَّزَ غَازِيًا فَلَهُ مِثْلُ أَجْرِهِ (بیہقی، محی السنۃ)
’’جو شخص کسی روزہ دار کا روزہ کھلوائے یا کسی غازی کے لیےسامان جہاد فراہم کرکے دے تو اس کو ویسا ہی اجر ملےگا جیسا کہ اس روزہ دار کو روزہ رکھنے اور غازی کو جہاد کرنے کا ملے گا۔‘‘
اسی طرح آپﷺ کا مزید ارشاد ہے:
مَنْ فَطَّرَ فِيهِ صَائِمًا كَانَ لَهُ مَغْفِرَةً لِذُنُوبِهِ وَعِتْقَ رَقَبَتِهِ مِنَ النَّارِ، وَكَانَ لَهُ مِثْلُ أَجْرِهِ مِنْ غَيْرِ أَنْ يَنْتَقِصَ مِنْ أَجْرِهِ شَيْءٌ "، قُلْنَا: يَا رَسُولَ اللَّهِ لَيْسَ كُلُّنَا نَجِدُ مَا نُفَطِّرُ بِهِ الصَّائِمَ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ - صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ -: " يُعْطَى هَذَا الثَّوَابَ مَنْ فَطَّرَ صَائِمًا عَلَى مَذْقَةِ لَبَنٍ، أَوْ تَمْرَةٍ، أَوْ شَرْبَةٍ مِنْ مَاءٍ، وَمَنْ أَشْبَعَ صَائِمًا سَقَاهُ اللَّهُ مِنْ حَوْضِي شَرْبَةً لَا يَظْمَأُ حَتَّى يَدْخُلَ الْجَنَّةَ (مشکوۃ)
’’جس نے ماہ رمضان میں کسی روزے دار کو افطار کرایا اس کے لیے اس کے گناہوں معافی اور جہنم سے چھٹکارا ہے اور اس کے لیے روزہ دار اس کے اجر میں کمی کے بغیرروزہ دار کے برابر ہی اجر ہوگا۔ صحابہ ؓ نے عرض کیا : اے اللہ کے رسول ہم میں تو ہر شخص روزہ افطار کرانے کی سکت نہیں رکھتا؟
آپؐ نے فرمایا: اسے بھی یہی اجر ملے گا روزے دارکودودھ کا گھونٹ پلائےیا ایک کھجورکے ذریعے افطار کرائےیاپانی کا گھونٹ پلاے اور جو روزہ دار کو سیراب کرے اللہ اسے میرے حوض سے ایسا گھونٹ پلائے گا کہ پھر وہ کبھی پیاسا نہ ہوگا حتی کہ وہ جنت میں داخل کر دیا جائے گا۔‘‘
آپ ؐ رمضان کے مہینے میں اپنے تحتوں کےساتھ ہمدردی کرتے ہوئے ان سے کم کام لیا کرتے تھے اور صحابہ کو بھی اس کی تلقین کرتے:
مَنْ خَفَّفَ عَنْ مَمْلُوكِهِ فِيهِ غَفَرَ اللَّهُ لَهُ، وَأَعْتَقَهُ مِنَ النَّارِ(مشکوۃ)
’’جس نے اپنے ماتحتوں سے ہلکا کام لیااللہ اسے بخش دے گا اور اسے جہنم سے نجات دے گا۔‘‘
اللہ تعالی ہمیں اس ماہ مبارک سے کماحقہ استفادہ کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے اعمال کو شرف قبولیت بخشے 
)محب اللہ قاسمی(

Friday 10 May 2019

Ramzanul Mubarak aur Shaksi Irteqa



رمضان المبارک  اورشخصی ارتقاء
رمضان المبارک ماہ تربیت ہے۔ اس کی عبادات (روزہ، اذکار،نوافل، تلاوت اور دعا و استغفار وغیرہ) انسان کے روحانی ارتقاء میں مددگار ثابت  ہوتی ہیں۔ وہ رمضان کے اوقات کا صحیح استعمال کرے تو اللہ تعالی سے اس کی قربت میں اضافہ ہوگا اور اس کے نفس کا مکمل تزکیہ ہوجائے گا۔ اس مجموعہ میں شامل مضامین میں رمضان المبارک کے مختلف پہلؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ قرآن و حدیث سے استدلال کیا گیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ اورصحابہ کرامؓ  کے معمولاتِ رمضان بیان کیے گئے ہیں۔یہ مضامین مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں اور ان سے بڑے پیمانے پر استفادہ کیا گیا ہے۔
محب مکرم مولانا محب اللہ قاسمی کا قلم رواں دواں ہے۔ ماشاء الله انھوں نے آسان زبان اور شستہ اسلوب میں رمضان کے فضائل و مسائل پر اظہار خیال کیا ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اس مجموعہ کو مقبولیت عطا فرمائے اور اس سے استفادہ عام کرے۔ آمین یا رب العالمین

محمد رضی الاسلام ندوی
سکریٹری تصنیفی اکیڈمی جماعت اسلامی ہند
  

  رمضان المبارک  اورشخصی ارتقاء
رمضان المبارک کو تربیت اور شخصیت سازی کا مہینہ کہاجا تا ہے ۔اللہ اپنے بندوں کو اس ماہ کی اہم عبادت  روزے کے ذریعے ایک خاص تربیت دیتاہے، جسے ’تقویٰ‘ کہتے ہیں، چنانچہ قرآن مجید نے روزے کی فرضیت کا مقصدواضح کرتے ہوئے کہاگیا ہے:لَعَلَّکُمْ تَتَّقُون:’’تاکہ تم میں تقوی صفت پیدا ہو۔‘‘روزہ تربیتِ نفس کا ایک اہم ذریعہ ہے، جو انسان کو صبراورنظم وضبط کا عادی بناتاہے ،کیوں کہ خواہشاتِ نفس پر قابوپانے کی بہترتربیت روزوں کے ذریعہ ہوتی ہے۔
تربیت زندگی کے تمام شعبوںمیں کام یابی اورمقاصدکے حصول کے لیے نہایت ضروری ہے۔اس کے بغیرکسی بھی مقصدمیں کام یابی حاصل کرنامشکل ہے۔ ہرچیزکی نشو و نمااور ارتقاء کے لیے تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔خواہ انسان کی علمی،عملی  اورفکری لحاظ سے نشونماہویا خاندانی ،سماجی اور سیاسی اعتبارسے  ارتقاء ۔
اسی طرح اس ماہ میں انسانوں کو عبادت و اطاعت، زبان اور شرم گاہ کی حفاظت، غریبوں اور حاجت مندوں کی حاجت روائی کی تربیت حاصل ہوتی ہے۔ اس کے ذریعہ وہ قابل ہوتا ہے اللہ کی رضا کے مطابق زندگی بسرکرکے اس کے انعام (جنت ) کا مستحق بنائے اورجہنم کی آگ سے بچ سکے۔
اس کتاب میں رمضان المبارک سے متعلق چند مضامین کو شامل کیا گیا ہے ۔امید ہے ان کے مطالعہ سے روزوں کو بامقصد بنایا جاسکے گا اور شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دے کر اس ماہ مبارک کی ساعتوں سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے گا۔  اللہ تعالی ہماری عبادتوں اور ریاضتوں کو شرف قبولیت بخشے اور ہماری شخصیت میں نکھار پیدا کرے۔ آمین     
محب اللہ قاسمی
5مئی2019  بمطابق یکم رمضان1440


نوٹ: یہ کتاب پی ڈی ایف فائل میں دستیاب ہے۔ خواش مند حضرات واٹس ایپ یا ای میل کے ذریعہ حاصل کرسکتے ہیں۔

mohibbullah.qasmi@gmail.com
9311523016

Saturday 4 May 2019

Shandar Tareekh


شاندار تاریخ
اسلام کی شاندار تاریخ رہی جسے اپنانا انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے بے حد ضروری ہے.
یہ روشن تاریخ مسلمانوں کے لیے قابلِ فخر ہے. اب جس کی تاریخ ہی نہیں یا رسوا کن ہو تو وہ سوچے کہ مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے انھیں حال میں کس تاریخ کی خوبیوں کو اپنانا چاہیے.
ساتھ ہی مسلمانوں کو اپنی تاریخ زبان زد ہونی چاہیے تاکہ کوئی انھیں غلط فہمی کا شکار نہ بنا سکے.اسلام کا خدائی نظام اپنی خوبیوں کے ساتھ سر بلند ہونے کے لیے آیا ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت سرنگوں نہیں کر سکتی.
محب اللہ قاسمی

Wednesday 1 May 2019

Roza: Gunahon se bachne ki mashq




روزہ : گناہوں سے بچنے کی مشق

ماہ رمضان المبارک کی سب سے مقدس اور اہم عبادت روزہ ہے۔اس کا  مقصد تقویٰ کا حصول ہے۔جیسا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالی کا فرمان ہے:

يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا كُتِبَ عَلَيْكُمُ الصِّيَامُ كَمَا كُتِبَ عَلَي الَّذِيْنَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَ   ١٨٣؁ۙ
اے لوگو  جو ایمان لائے ہو! تم پر روزے فرض کیے گئے جس طرح تم سے پہلے  کے لوگوں پرفرض کیے گئے تھے۔ اس سے توقع ہے کہ تم میں تقویٰ کی صفت پیدا ہو گی۔(البقرۃ: 183)

تقویٰ کہتے ہیں اللہ تعالی سے محبت اور تعلق کے سبب اس کے بتائے ہوئے کاموں کو انجام دینا اورمنع کی گئی باتوں سے بچنا۔اس کے پیش نظر یہ کہا جاسکتا ہے کہ تقویٰ کا حصول جس طرح نیک کام کی انجام دہی سے ہوتا ہے ، اسی طرح اس کا حصول گناہوں سے بچے بغیر ممکن نہیں۔ہم غور کریں تو معلوم ہوگا کہ روزہ کا مطلب ہی بچنا ہے۔جیسا کہ حضرت  مریم ؑ کو ہدایت  دیتے ہوئے اللہ تعالی کا فرمان ہے:

فَاِمَّا تَرَيِنَّ مِنَ الْبَشَرِ اَحَدًا  ۙ فَقُوْلِيْٓ اِنِّىْ نَذَرْتُ لِلرَّحْمٰنِ صَوْمًا فَلَنْ اُكَلِّمَ الْيَوْمَ اِنْسِـيًّا 26؀ۚ
’’پھر اگر کوئی آدمی تجھے نظر آئے تو اس سے کہہ دے کہ میں نے رحمن کے لیے روزے کی نذر مانی ہے ، اس لیے آج میں کسی سے نہ بولوں گی ۔‘‘ (مریم: 26)

اس آیت  کریمہ  میں بات کرنے سے  رکنےکو صوم(روزہ) سے تعبیر کیا گیا  ہے۔روزہ کی حالت میں ایک مسلمان پر  ضروری ہے کہ وہ طلوع فجر سے غروب آفتاب تک کھانے ،پینےاور جنسی تعلق بچے۔  ہمیں معلوم ہے کہ  عام حالات میں یہ کام جائز ہیں  مگر حالت روزہ میں ان سے بچنا ضروری ہے۔یہ حکم اس لیے  دیا گیا ہے  تاکہ بندے  کی اندر عام حالات میں بھی گناہوں سے بچنے کی مشق ہوجائے۔روزہ بھی ہمیں اس بات کی مشق کراتا ہے اور  ہماری تربیت کرتا ہے کہ ہم گناہوں سے دور رہیں۔
اس لیے جہاں روزے کی حالت میں مذکورہ چیزوں سے بچنا ضروری ہے وہیں دوسری بہت سی ایسی چیزیں بھی ہیں جن سے بچنا ناگزیر ہے۔ ورنہ روزہ صرف رسمی عبادت بن کر رہ  جائے گا ۔ ہم اس کی برکت و فضیلت اور اس کے مقصد کو  کماحقہ حاصل نہیں کرسکیں گے۔اسی بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ نے تنبیہاً ارشاد فرمایا :


من لم يدع قول الزور والعمل به والجهل فليس لله حاجه أن يدع طعامه وشرابه (بخاري)
جس نے جھوٹی بات، اس پر عمل اورگناہ کو نہیں چھوڑا تو اللہ کو کوئی ضرورت نہیں کہ ایسا شخص اپنا کھانا، پینا چھوڑ دے۔

صحیح بخاری کی اس روایت سے واضح طور پر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے بندے کو بھوکا پیاسا رکھ کر اسے اذیت میں مبتلا کرنا نہیں چاہتا اور نہ اسے ان کے بھوکا پیاسا رہنےکی ضرورت ہے۔ بلکہ وہ چاہتا ہے کہ بندہ نے حالت روزہ میں جس طرح کھانا پینا چھوڑا اسی طرح وہ برائیوں اور گناہوں سے بھی بچے اور اپنے رب کے حکم کے مطابق ہی زندگی بسر کرے اوراس کے  احکام  کا تابع بن کر اس کی منع کردہ باتوں سے گریز کرے۔ مذکورہ بالا روایت میں ’قول زور ‘ اس پر عمل اور جہالت سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔

’قول زور‘  کا مطلب جھوٹ بولنا ہے۔ جھوٹ ایک بری عادت ہے، جس کے سبب انسان اللہ کا ناپسندیدہ بندہ ہوجاتا ہے اور وہ دنیا میں بھی بہت سی مصیبتوں میں گرفتار ہوجاتا ہے، جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ انسان اگر جھوٹ سے اجتناب کرے تو وہ دیگر بہت سی برائیوں سے بچ سکتا ہے۔ جب کہ جھوٹ پر عمل اس سے بھی زیادہ سخت ہے ۔ کیوں کہ جھوٹ بولنے سے  انسان ایک غیر واقع بات کا صرف قائل ہوتا ہے جب کہ جھوٹ پر عمل کرنے والا اس بری بات کو نافذ کرنا چاہتا ہے۔ مثلاً کوئی چیز اس کی نہیں اور اس نے اس پر دعوی کردیا اور اسے حاصل کرنے کے لیے بہت سے عملی اقدام کیے۔ گویا اس نے اس جھوٹ پرعمل کیا جو بہت بری بات ہے۔ اس سے معاشرہ تباہ و برباد ہوتا ہے۔

رہی بات جہالت کی تو انسان جب گناہ کرتا ہے تو وہ اللہ تعالی کی شان اور اس کی عظمت و کبریائی کوفراموش کر دیتا ہے اور ان تمام برے کاموں کا مرتکب ہوتا ہے  جن سے  اللہ  نے منع کیا تھا۔

اس تعلق سے  حضرت عمرفاروق  ؓ کا قول بھی ہمارے سامنے رہے وہ فرماتے ہیں:

"ليس الصيام من الطعام والشراب وحده، ولكنه من الكذب والباطل واللغو والحلف". 
روزہ محض کھنے پینے سے رکنے کا نام نہیں، بلکہ وہ جھوٹ، باطل اور غیر ضروری کاموں اور حلف سے رکنے کا نام ہے۔

ایک روایت میں نبی کریمﷺ نے روزہ کو گناہوں سے بچنے کے لیے ڈھال قرار دیا ہے۔ اس کامطلب یہ ہے کہ اس کے ذریعہ گناہوں سے بچا جاسکتا ہے۔آپ ؐنے ارشاد فرمایا:

الصِّيَامُ جُنَّةٌ، فَلاَ يَرْفثْ وَلاَ يَجْهَلْ، وَإِنِ امْرُؤٌ قَاتَلَهُ أَوْ شَاتَمَهُ، فَلْيَقُلْ إِنِّي صَائمٌ - (بخاري)

’’روزہ ڈھال ہے۔لہذا روزے کی حالت میں آدمی نہ کوئی برا کام کرے اور نہ ہی کسی پر زیادتی کرے۔ اگر کوئی شخص  اس سے جھگڑنے پر آدمادہ ہو یا اسے برا بھلا کہے۔ تو اسے کہہ دے کہ میں روزے سے ہوں۔ یہ بات آپ نے دو بار ارشاد فرمائی۔
حالت جنگ میں جب چاروں طرف سے تلواریں چل رہی ہوں۔ اس وقت انسان اپنے بچاؤ کے لیے  ڈھال کا سہارا لیتا ہے۔ ٹھیک اسی طرح گناہوں کے وار سے بچنے کے لیے مومن کوروزہ کا سہارا لینا چاہیے۔

ایک حدیث میں ہے  کہ اللہ تعالی کی طرف سے ایک منادی آواز لگا تا ہے۔’’يا باغي الخير أقبل‘‘ (اے خیر کے طالب!پیش قدمی کر ’’يا باغي الشر أقصر‘‘ (اے گناہوں کی چاہت رکھنے والے ! گناہوں سے دور رہ)۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس ماہ مبارک میں جہاں ہمیں نیکیوں اور خیر کے کام انجام دینے چاہیے وہیں بری باتوں سے رکنا  چاہیے۔
    محب اللہ قاسمی
9311523016 

Turky & Sirya Zalzala

 ترکی و شام میں زلزلے کی تباہ کاری اور انسانیت کی ذمہ داری محب اللہ قاسمی انسان جس کی فطرت کا خاصہ انس ومحبت ہے ۔ اس لیے اس کا ضمیر اسے باہم...