Sunday 22 July 2018

Hindustan ko Linchistan na Banayen


ہندوستان کو لنچستان نہ بنائیں

ایک عالم مفتی کو دفاعی تھپڑ مارنے کی وجہ سے مجرم بنا کر جیل میں ڈال دیا گیا جب کہ دوسری جگہ  ہجومی دہشت گرد پیٹ پیٹ کر بے بس، بے قصور مسلمانوں اور دلتوں کی جان لے رہے ہیں اور ایسے خونخوار مجرم آزاد گھوم رہے ہیں، انھیں سزا دینے کے بجائے دیش کے منتری ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور یہ خونی کھیل مسلسل جاری ہے.

یہ کیسی پالیسی ہے؟ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ کیا ان باتوں سے دیش ترقی کر لے گا؟ کیا ان باتوں سے مہنگائی میں کمی آجائے گی؟ بے روزگاری ختم ہو جائے گی؟

یاد رکھیے! دیش کی ترقی عدل و انصاف اور قوم کے وکاس میں ہے، ان کا وناش کر کے قوم کا اعتماد اور وشواش کبھی حاصل نہیں کیا جا سکتا. بھلے ہی آپ ایوان میں اعتماد حاصل کر لیں. پر نہ بھولیں کہ آپ ہندوستان میں وکاس کا وعدہ لے کر آئے تھے. اسے لنچستان بنانے کا نہیں! ہندوستان میں امن و امان اور خوشحالی کی بحالی کےلیے نفرت کی اس سیاست کو ختم کرنا بے حد ضروری ہے۔ پیار و محبت کی علامت کہا جانے والا تاج محل والے ملک ہندوستان کو لنچستان نہ بنائیں۔

ملی قائدین و سیاسی و رہنما یہ بتائیں کہ بے چاری غریب عوام جو آپ کو اپنا لیڈر اور رہبر مان رہی ہے جب ان کی جان ہی سلامت نہ رہے تو آپ کن کی قیادت کریں گے؟ اور کن کے رہنما کہلائیں گے؟ قائدین ملت قیادت کی ذمہ داری کو بالائے طاق نہیں رکھ سکتے. ظلم و زیادتی کے سیلاب کو روکنے کے لیے ٹھوس قدم اٹھانا ہوگا ورنہ یہ سب کچھ بہا کر لے جائے گا. مظلوم کی ان سسکیوں میں جہاں ظالم کے خلاف بد دعائیں ہیں وہیں قائدین سے فریادیں اور آہیں بھی. انھیں محسوس کیجئے!
اللہ تعالٰی مظلومین کی مدد فرمائے، قائدین کو احساس ذمہ داری دے اور ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچائے. آمین
محب اللہ قاسمی



Tuesday 17 July 2018

Kahani ....HALALA


کہانی.....حلالہ

شاذیہ! تم جانتی ہو کہ ہماری شادی کو پانچ سال ہو گئے ہیں، مگر ہم ایک ساتھ سکون سے پانچ ماہ بھی نہیں رہ سکے ہیں۔ تم میری بات نہیں سنتی نہ مجھے تمہاری عادت اچھی لگتی ہے۔  ہم دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بالکل خوش نہیں ہیں اور  ہماری کوئی اولاد بھی نہیں ہوسکی ہے۔ اب تم ہی بتاؤ، میں کیا کروں؟

ہاں، تم مجھے طلاق دے دو، مردوں کو تو طلاق دینے کا حق حاصل ہے، مجھے اپنے اس جہنم سے آزاد کردو...میں بھی تمہارے ساتھ رہ کر تنگ آ گئی ہوں، مجھے بھی تمہاری بہت سی عادتیں  اچھی نہیں لگتی ہیں، میں بھی تمہارے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔
 شاذیہ خلع کا تو تمہیں بھی حق حاصل ہے۔ تم  آئے دن ’ طلاق دے دو ‘، ’طلاق دے دو‘ چلاتی رہتی ہو۔پر میں ہمیشہ خود کوروکے رہتاتھا ،یہ سوچ کر کہ طلاق دینے میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیے ۔ پر آج تو تم نے حد کردی ہے۔ اب ہمارا تمہارا نباہ نہیں ہوسکتا ۔ ہم لوگوں کے گھر والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں ۔میں نے تمہیں طلاق دی۔

شاذیہ کی عدت گزرتے ہی اس کےلیے ایک جگہ سے نکاح کا پیغام آیا، یہ رشتہ اس کے گھر والوں کومنظور ہوگیا۔ شادی کا دن مقرر ہوگیا۔ ساری تیاریاں ہوگئیں۔ مسجد میں لوگ نکاح کے لیے جمع ہوئے ہی تھے کہ اچانک پولیس کا ایک دستہ آیا اور نکاح  کی اس مجلس میں مداخلت کرتے ہوئے پولیس آفیسر نے کہا: مجھے پتا ہے کہ اس لڑکی کی شادی چند سال قبل فلاں گاؤں میں ہوئی تھی اور اس کی طلاق ہوگئی تھی۔ اب نئی شادی کراکے تم لوگ حلالہ کرارہے ہو۔ اس جرم میں لڑکے اور اس مجلس میں شامل تمام لوگوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔

پولیس کی بات سن کر لوگوں کے ہوش اڑ گئے۔ وہ  کہنے لگے: یہ کیا بات ہوئی۔ لڑکی کے باپ نے کہا : میں اپنی بیٹی کی شادی کررہا ہوں۔ کیا طلاق کے بعد اس کی شادی دوسری جگہ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ اس میں حلالہ کی کیا بات ہوئی؟ 

لیکن پولیس آفیسرنے سخت لہجے میں جواب دیا : میں کچھ نہیں جانتا۔ تم لوگ حلالہ کرارہے ہو۔ اس پر مجھے گرفتار کرنے کا آڈر ہے، میں گرفتاری کا وارنٹ لے کر آیا ہوں۔ جو کہنا  ہے عدالت میں جاکر کہنا۔ اس سے  پہلے کہ لڑکا کچھ کہتا اسے اور اس کے باپ کو گرفتار کرکے کر جیپ میں بٹھاتے  ہوئے پولیس کی گاڑی دھول مٹی اڑاتے ہوئے  چل پڑی
محب اللہ قاسمی

Sunday 15 July 2018

Darul Qaza aur Hindustani Musalman


دار القضاء اور ہندوستانی مسلمان

اپنے کچھ نادان دوست کہتے ہیں کہ ‏ہندوستان کے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے مسلم پرسنل لاء بورڈ کو "دار القضاء" کے بجائے "فیملی کونسلنگ سینٹر" کا لفظ استعمال کرنا چاہئے. فیملی کونسلنگ سینٹر پر کسی کو اشکال بھی نہیں ہوگا۔

میرا کہنا ہے بھائی اگر ہم نماز کو پریر کہنے لگ جائیں تو بھی نماز پر پابندی لگانے والے لگانے کی ناپاک کوشش کریں گے. جنھیں مسلسل اٹھ جام سے کوئی شکایت نہیں انھیں 24 گھنٹے میں پانچ وقت کی اذان سے بھی پریشانی ہونے لگی ہیں۔ جب کہ پورا ملک جانتا ہے کہ دارالقضا کا نظام ہندوستان میں طویل عرصہ سے قائم ہے جو اب تک چلا آرہا ہے، جہاں پر فریقین کی رضامندی کے ساتھ عائلی مسائل اسلامی احکام کے مطابق حل کیے جاتے ہیں اور اس کےلیے انھیں دیگر سخت پنچایتوں کی طرح مجبور بھی نہیں کیاجاتا یہی وجہ ہے کہ جنھیں لگتا ہے کہ ان کے ساتھ یہاں انصاف نہیں ہوا تو وہ عدالت کا رخ کرتے ہیں۔ تو پھر اس میں پریشان ہونے کے بجائے خوش ہونا چاہیے کہ ہندوستان کی مسلم آبادی کو دیکھتے ہوئے مزید دار القضاء قائم کرنے سے عدالت پر بہت زیادہ بوجھ نہیں پڑے گا بلکہ اس کا معاون ثابت ہوتا رہا ہے اور ہوگا جس سے مسلمانوں کے عائلی مسائل بہ آسانی حل ہوں گے. یہی وجہ ہے کہ اسے سپریم کورٹ نے بھی نہیں نکارا۔

مگر افسوس فرقہ پرست لوگ عنادا اور سیاسی لوگ سیاستا اور اپنے نادان لوگ حماقتا کچھ سے کچھ بولے جا رہے ہیں جیسے ان کا بولنا ضروری ہو! دار القضاء کو وہ شرعیہ کورٹ سمجھتے ہیں اور اس لفظ سے ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں جو میڈیا والوں کی غلطی ہے۔ اس پر بات ہونی چاہیے نہ کہ ہم خود کو ہی بدلنےمیں لگ جائیں پھر کیا کیا چیز بدلیں گے نماز، روزہ، اسلامی احکام جو سارے کے سارے شرعی احکام ہیں۔
محب اللہ قاسمی

Sunday 1 July 2018

Hukumat ki Nakami


حکومت کا ناکامی چھپانے کا بہانہ - طلاق ثلاثلہ کے بعد اب حلالہ
محب اللہ قاسمی      
    
بی جے پی حکومت کے چار سال پورے ہوئے جو مودی سرکار کے نام سے اپنے خوشنما یا پر فریب وعدوں کے ساتھ عوام کے لئے 2015 میں منتخب ہوئی یا عوام پر مسلط ہوئی.

اپنے وعدوں کے مطابق وزیر اعظم کے طور مودی جی اور پارٹی بی جے پی نے چار سال تک تو کچھ کیا نہیں اور جو کچھ بھی کیا وہ عام جنتا کے لیے مخالف اور نقصان دہ ثابت ہوا جیسے نوٹ بندی ہو یا جی ایس ٹی، مہنگائی ہو یا بے روزگاری وغیرہ جب کہ عوام میں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے اپنے وعدوں میں ناکام رہی حکومت نے وقتاً فوقتاً مسلمانوں کے ایسے مسائل جو در حقیقت کوئی مسئلہ ہی نہیں اسے مدعا بنا کر لوگوں کو خوب الجھائے رہی. جیسے طلاق ثلاثہ پر واویلا کے بعد اب حلالہ کا ہنگامہ، جب کہ دیش کی بھلائی کے لیے جو وعدے کیے سارے کھوکھلے ثابت ہوئے ۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ عوام کو اچھے دن کے بجائے برے بلکہ بہت برے دن کا سامنا ہے کالا دھن بڑھ رہا ہے جنتا بھوک سے مر رہی ہے۔  بڑھتی بے روزگاری، آسمان چھوتی مہنگائی، گرتا روپیہ اور بڑھتے ریپ کے واقعات  سے بے حد پریشان جنتا پوچھ رہی ہے، مودی جی ا ٓپ کو وزیراعظم دنیا بھر گھومنے کے لیے نہیں بنایا کہ ہزاروں کروڑ روپے اپنے اس سفری اخراجات پر صرف کریں بلکہ اچھے دن، پندرہ لاکھ دینے اور دوسرے وعدے پورے کرنے کے لیے بنایا تھا، بی جے پی کو سب کا ساتھ سب کا وکاس یا بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ لگانے کے لیے نہیں بلکہ ان نعروں کے مطابق کام کرنے کے لیے بنایا تھا۔

اب جب کہ یہ حکومت ان سب کاموں میں ناکام ہوگئی تو مسلمانوں کی دل آزاری ہی رہ گئی تھی کہ ان کی شریعت میں مداخلت کرے اور شرعی احکام کی غلط تشریح اور پروپگنڈے کے تحت اسے بدنام کیا جائے، مسلمانوں اور پس ماندہ طبقات کے ساتھ خونی بھیڑ کے ذریعہ قتل، نفرت اور فرقہ واریت کا ماحول بنے۔یقینا اس کام کو خوب بڑھاوا ملا ہے،جس سے جنتا کا نقصان کے علاوہ کوئی فائدہ نہیں ہوا.

 اسلام اور شریعت میں مداخلت کرنے والے یہ ہر گز نہ بھولیں کہ اسلام ہی وہ واحد نظام حیات ہے جو تمام انسانوں کے تمام مسائل کا ہر طرح سے حل پیش کرتا ہے بشرط کہ اسے جانا جائے، سمجھا جائے اور زندگی میں نافذ کیا جائے۔ کوئی مسلمان اگر کوئی غلط کام کرتا ہے یا غیرشرعی کسی کام کو انجام دیتا ہے تو اس سے اسلام کو بدنام نہیں کیا جاسکتا بلکہ وہ چیز دیکھی جائے کہ یہ اسلام کا حصہ ہے یا نہیں؟ واضح رہے کہ  اسلام ہی واحد مذہب ہے جس نے عورتوں کو ان کے تمام حقوق دیئے ہیں چاہیے وہ بیوی، ماں، بہن، بیٹی کسی شکل میں ہو.

یہی معاملہ تین طلاق اور حلالہ (جو منصوبہ بند  نہ ہو) کے ساتھ ہو رہا ہے۔ یہ دونوں چیزیں انسانوں کی ضرورت کے تحت تھیں۔ مطلقہ عورت کا دوسری بار پھر سے اپنے سابقہ شوہر کے ساتھ نکاح کے لیے حلال ہونے کی صورت کو بیان کرتے ہوئے قرآن کا فرمان ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی بیوی کو تین بار طلاق دے دے تو وہ اس پر حرام ہوجاتی ہے۔ اس سے دوبارہ نکاح کی قرآن نے صرف یہ صورت بتائی ہے کہ اس کا نکاح کسی دوسرے شخص سے ہو۔ پھر وہ بھی اسے طلاق دے یا اس کا انتقال ہوجائے تو اس عورت کا نکاح اپنے پہلے شوہر کے ساتھ ہوسکتا ہے۔ (البقرۃ:230)

فَاِنْ طَلَّقَھَا فَلَا تَحِلُّ لَهٗ مِنْۢ بَعْدُ حَتّٰي تَنْكِحَ زَوْجًا غَيْرَهٗ ۭ فَاِنْ طَلَّقَھَا فَلَاجُنَاحَ عَلَيْھِمَآ اَنْ يَّتَرَاجَعَآ اِنْ ظَنَّآ اَنْ يُّقِيْمَا حُدُوْدَ اللّٰهِ ۭ وَتِلْكَ حُدُوْدُ اللّٰهِ يُبَيِّنُھَا لِقَوْمٍ يَّعْلَمُوْنَ   ٢٣٠؁
پھر اگر (دوبار طلاق دینے کے بعد شوہر نے عورت کو تیسری بار) طلاق دے دی تو وہ عورت پھر اس کے لیے حلال نہ ہوگی ، اِلاّ یہ کہ اس کا نکاح کسی دوسرے شخص (دوسرا شوہر) سے ہواور وہ اسے طلاق دے دے۔ تب اگر پہلا شوہر اور یہ عورت دونوں یہ خیال کریں کہ حدودِ الٰہی پر قائم رہیں گے ، تو ان کے لیے ایک دوسرے کی طرف رجوع کر لینے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ یہ اللہ کی مقرر کردہ حدیں ہیں ، جنہیں وہ ان لوگوں کو ہدایت کے لیے واضح کر رہا ہے جو ،(اس کی حدوں کو توڑنے کا انجام) جانتے ہیں۔ (البقرۃ:230)

اگر اس فطری طریقہ کے علاوہ کسی نے حلالہ سنٹر بنایا، یا اس عمل کو فروغ دینے کے لیے گھٹیا طریقہ استعمال کیا تو ایسے لوگوں پر اللہ کے رسول ﷺ نے لعنت بھیجی  ہے۔

اگر اس کے باوجود کچھ لوگوں نے اسے غلط طور پر استعمال کیا تو غلطی خود ان کی ہے۔ اسلام یا شرعی قانون کی نہیں کہ اس میں مداخلت یا تبدیلی کی گنجائش نکالی جائے، اس کے لیے شریعت مخالف قانون بنایا جائے۔ اس لیے ہندوستانی مسلمانوں نے بڑے پیمانے پر  جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور دستخطی مہم کے ذریعہ واضح طور پر حکومت کو یہ پیغام دیا ہے کہ انھیں شریعت جان سے زیادہ عزیز ہے۔ اس میں وہ کسی طرح کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے ۔

Tuesday 12 June 2018

Eidul Fitr Izhar-e-Tashakkur


عید الفطر- اظہارتشکراور خوشی کا دن
 محب اللہ قاسمی

عربی مہینہ شوال کی پہلی تاریخ کو  مسلمان ’عیدالفطر‘ مناتے ہیں۔یہ ماہ رمضان کے روزوں کی تکمیل اور اس تربیتی مہینے میں عبادات کی انجام دہی کے بعد اظہارتشکر کے طور پر خوشی منانے کا دن ہے۔ یہ ایک ایسااسلامی تیوہار ہے ،جو اپنے دامن میں فضل ورحمت ، فرحت ومسرت اور باہمی مؤدت ومحبت کا سامان لیے ہوئے ہے۔ یہ امت مسلمہ کے لیے سچی خوشی کا موقع ہے۔ اسی وجہ سے اس دن کا خاص طور سے اہتمام کیاجاتا ہے۔

عید کے مشاغل
صبح کو غسل کرنا، نیا اور عمدہ لباس زیب تن کرنا،خوشبولگانا، دوستوں اور پڑوسیوں سے ملنا جلنا،خوشیاں منانا،مہمان نوازی کرنا اور جائز حدودمیں رہتے ہوئے مسرت کا بھرپور اظہار کرنا اس دن کے پسندیدہ مشاغل ہیں۔اس دن کے بارے میںنبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے:  لکل قوم عیدا وہذا عیدنا (مسلم) ’’ہر قوم کے لیے خوشی منانے کا دن ہے اور یہ ہمارے خوشی منانے کا دن ہے۔‘‘ اس دن کا روزہ رکھنا حرام ہے۔ اگر کوئی شخص اس دن خوشی منانے کے بجائے روزہ رکھ کر خود کو زیادہ متقی وپرہیزگار ظاہر کرنے کی کوشش کرے تو ایسا شخص شریعت کی نگاہ میں نافرمان مانا جائے گا۔ جن پانچ ایام میں روزہ رکھنے کو حرام قرار دیا گیا ہے۔ ان میں ایک دن عید الفطر کا بھی ہے۔ اسی بنا پر علمائ  کرام کی رائے ہے کہ عید کے دن خوشیاںمنانا دین کی علامات (شعائردین) میںسے ہے۔ عید کے دن خوشی کے اس موقع کو فراموش کرنا، رنج والم کی کی فضا طاری کرنا اور مایوس رہنا کسی طرح مناسب نہیں ہے۔ اہل ایمان کا باہمی رشتہ اخوت پر مبنی ہوتاہے ، جوکلمہ لاالہ الا اللہ سے قائم ہوتی ہے۔لہذا عید سعید کے اس موقع پر کوشش یہ ہو نی چاہیے کہ ہم اپنے ا?س پڑوس میں کسی یتیم ، غریب بے بس اور محتاج کو تنہا نہ چھوڑ دیں، بلکہ اس کے احوال دریافت کریں،حتی الامکان اپنے تعاون سے اس کی ضرورت پوری کریں۔اسی لیے زکوۃ اور صدقۂ فطرکا حکم دیا گیاہے تاکہ نادار بھی عید کی خوشی میں برابر کا شریک ہوسکے اور کوئی مسلمان عید کی دوستی اورانعامات سے محروم نہ ہو۔

بغض وعنادسے پرہیز
اسلام میں ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان سے قطع تعلق یا دل میں کینہ ،بغض وعداوت کے جذبات کی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ خوشی کے اس دن میں جس طرح ہم غسل کرکے بدن صاف کرتے ہیں،نیالباس پہنتے ہیں ،ٹھیک اسی طرح اپنے دل کی  صفائی کی طرف توجہ بھی کرنی چاہیے۔ ہم اپنے بھائی کاخیرمقدم اور استقبال کریں۔ اس معاملے میں خود سے پہل کرنا زیادہ بہتر ہے۔ نبی کریم ﷺ کا ارشادہے : حقیقی صلہ رحمی کرنے والا وہ نہیں ہے جو بدلہ چکائے بلکہ صلہ رحمی کرنے والا وہ ہے کہ جب اس کی قرابت کو منقطع کر دیاجائے تو وہ اس قرابت کو قائم رکھے۔ (بخاری) اس لیے رشتہ داری کو نبھاتے ہوئے اعزا و اقارب سے ملنا ، خاص طور سے والدین سے ملاقات کرنا اور ان کے لیے عید کے فرحت وسرور کا سامان مہیا کرنا لازم ہے۔ یہ صلہ رحمی نہ صرف اس شخص کی عیدکو دوبالا کردیتی ہے بلکہ اس کے لیے کشادگی  رزق اور عزوشرف کا ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔ نبی کریم ﷺ کا ارشادہے:
’’جو شخص یہ چاہتاہے کہ اس کے رزق میں فراخی ہو اور اس کی زندگی کی مہلت دراز ہو تو اس کو چاہیے کہ وہ اپنے رشتہ داروں سے حسن سلوک اور ان کے ساتھ احسان کرے۔‘‘ (بخاری ومسلم)

عید کے دن مسنون عمل
 عیدگاہ میں جن لوگوں سے ملاقات ہو ان کو مبارکباد پیش کرنے کا بھی اہتمام کریں۔ جیسا کہ صحابہ کرام کامعمول تھا جب وہ عید کے دن ا?پس میں ملتے تو کہتے :تقبل اللہ منا ومنک (مسنداحمد)اللہ تعالی ہماری اور آپ کی (نیک کوششوںکو) قبول فرمائے۔عید کی مبارک باد کا تبادلہ باہمی محبت کے فروغ کا ذریعہ ہے۔ عید کے دن تکبیر کہتے ہوئے عید گاہ میں ایک راستے سے جانا اور دوسرے راستے سے آنا مسنون عمل ہے۔ اس کی بہت سی حکمتیں بیان کی جاتی ہیں ،مثلا نیک کام کرتے ہوئے قدم مختلف راہوں پرپڑیںساتھ ہی زیادہ لوگوںسے ملنے کا موقع ملے اور اظہار مبارک باد کا عمل انجام دیا جائے۔

عید الفطر کی حقیقی خوشی
عید کی خوشی کن لوگوں کے لیے ہے؟کیا ان کے لیے جنھوںنے ایک مبارک مہینہ پایا اور اسے گنوادیااور اس سے استفادے کے لیے کوئی لمحہ نہ نکال سکے بلکہ خواہشات کی پیروی میں محرمات کے مرتکب ہوئے ؟نہیں ! بلکہ اس دن کی خوشی کے مستحق صرف وہی لوگ ہیں ، جنھوںنے رمضان کے روزے رکھے،قیام لیل کا اہتمام کیا اور اللہ تعالیٰ کی رضا وخوشنودی کے لیے اعمال صالحہ کی طرف سبقت لے جانے کی سعی مسلسل کرتے رہے۔جیساکہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے:روزہ دار کے لیے دو خوشیاں ہیں: ایک خوشی افطار کے وقت اور دوسری اپنے رب سے ملاقات کے وقت(متفق علیہ) جس طرح انھیں رمضان میں روزہ افطار کرتے وقت اطاعت الٰہی پر ایک قسم کی فرحت میسر ہوتی ہے ،ٹھیک اسی طرح رمضان المبارک میں عبادات کو بحسن خوبی انجام دینے کے بعد اس ماہ کے اختتام پر ثواب کی امید میں انھیں ایک خوشی ملتی ہے۔ یہ اس کا اجرہے اور اللہ نہیں ہوتا اور اس روزے دار کی طرح ہے جو ناغہ نہیں کرتا(بخاری:۳۵۳۵) دوسری طرف عید الفطر کے موقع پر غریب بھی صبر و شکر سے کام لے کر قناعت کا تاج اپنے سر پر رکھیں۔ اپنے دلوں میں اللہ تعالیٰ سے شکوہ نہ کریں کہ وہ ہمیں کیوں نہیں دیتا اور نہ اپنے بیوی بچوں کو دوسروں کے مال پر حسرت کرنے دیں۔ پیوند لگے کپڑوں میں تقوی وصبر کے ساتھ جو شان ہے وہ ریشمی لباس میں نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے جن کو غریب بنایا ہے وہ مالداروں سے پہلے جنت میں داخل ہوں گے اور وہ انبیائ  کرام کے طریقے پر ہیں، اگر وہ صبر و شکر سے کام لیں اور لالچ یا سوال کی ذلت نہ اٹھائیں۔حضرت اسامہ بن زید? روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا:’’میں جنت کے دروازے پر کھڑا ہوا تو (میں نے دیکھا کہ) اس میں داخل ہونے والے زیادہ ترمساکین ہیں اور مال دار لوگوں کو (حساب کے لیے) روکا ہوا تھا۔البتہ جہنمیوں کو جہنم کی طرف لے جانے کا حکم دے دیا گیا تھا(بخاری:۶۹۱۵) اس لیے عید کے دن اللہ تعالیٰ سے شکوہ شکایت کرنے کی ضرورت نہیں۔عام دن کی طرح یہ دن بھی گزر جائے گا۔رب کعبہ کی قسم دنیا کی رنگینیاں انہی کو ستاتی ہیں جو موت سے غافل ہیں اور اسی کو کل سمجھتے ہیں ، اس لیے ایک دن کی خاطر غریبی کو داغدار نہ ہونے دیں۔ اللہ تعالیٰ اس کا بہترین اجر عطا فرمائے گا۔

عید کی سنتیں
(۱)غسل کرنا(۲)حسبِ استطاعت نئے کپڑے پہنا(۳)خوشبو لگانا(۴)کھجور کھانا،حضرت انسؓ سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ عیدالفطر کی نماز کے لیے نکلنے سے پہلے چند کھجوریں تناول فرماتے تھے۔ عموماًان کی تعداد طاق ہوتی تھی۔ (بخاری:۰۳۵۹)
(۵)عید گاہ پیدل جانا اور ایک راستے سے جانا اور دوسرے راستے سے واپس آنا۔ اس سے ہر قدم پر ثواب ملتا ہے اور غیروں کو مسلمانوں کی اجتماعیت کا بھی احساس ہوتا ہے۔ حضرت ابورافعؒ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریمﷺ عید کی نماز کے لیے پیدل تشریف لے جاتے تھے اور جس راستے سے جاتے تھے ،اس کے علاوہ دوسرے راستے سے واپس آتے تھے(ابنِ ماجہ:۰۰۳۱)

(۶) راستے میں تکبیریں (اللہ اکبر اللہ اکبر،لاالہ الا اللہ،واللہ اکبر اللہ اکبر و للہ الحمد)پڑھتے ہوئے جانا ،ہم سب کو اس کا اہتمام کرنا چاہیے،نوجوان طبقہ عموماً آپس میں ہوہااور دنیا بھر کی بکواس کرتا ہوا جاتا ہے۔ اس سے اجتناب کرنا چاہیے، تا کہ اللہ تعالیٰ کی حمد ہو اور دوسرے محسوس کریںکہ آج کوئی خاص دن ہے۔اس سے غیروں پر رعب بھی پڑتا ہے۔یہ نہیں کہ مرے مرے انداز میں منہ لٹکائے چلے جا رہے ہیں۔

(۷) خطبہ سننا:نمازِ عید الفطر کے بعد امام خطبہ دیتا ہے ،اس کو سن کر جانا چاہیے،اکثر لوگ نماز ختم ہوتے ہی بھاگنے لگتے ہیں۔خطبے میں عید الفطر سے متعلق مذہبی ذمہ داریوں کی تلقین کی جاتی ہے،اللہ تعالیٰ سے اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کی معافی مانگی جاتی ہے، عالمِ اسلام اور بنی نوع انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں کی جاتی ہیں،جن کو قبولیت کا شرف حاصل ہوتا ہے۔حدیثِ نبوی ہے:

نبیﷺ نے فرمایا! جب عید الفطر کا دن آتا ہے تو اللہ تعالیٰ فرشتوں کے سامنے اپنے بندوں پر فخر فرماتا ہے اور پوچھتا ہے: اے میرے فرشتو! اس مزدور کی کیا جزا ہے جو اپنا کام مکمل کر دے ؟فرشتے عرض کرتے ہیں:اس کی جزا یہ ہے کہ اس کو پورا اجر و ثواب عطا کیا جائے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’اے میرے فرشتو!میرے بندوں اور بندیوں نے اپنا فرض ادا کیا پھر وہ (نمازِ عید کی صورت میں) دعا کے لیے نکل آئے ہیں،میری عزت و جلال، میرے کرم اور میرے بلند مرتبہ کی قسم! میں ان کی دعائوں کی ضرور قبول کروں گا،اللہ تعالیٰ پھر فرماتا ہے: بندو!  گھروں کو لوٹ جائو، میں نے تمہیں بخش دیااور تمہارے گناہوں کو نیکیوں میں بدل دیا۔نبیِ کریم ﷺ فرماتے ہیں! پھر وہ بندے (عید کی نماز سے) اس حال میں لوٹتے ہیں کہ ان کے گناہ معاف ہو چکے ہوتے ہیں۔

خواتین کا عیدگاہ میں جانا
عید کی نماز کے لیے خواتین اور بچے بچیوں کو بھی لانا چاہیے۔حضرت امِ عطیہ ؒ سے مروی ہے کہ آپؐ نے ہمیں حکم دیا کہ ہم عید الفطر اور عید الاضحی کے روز پردہ نشین دوشیزائوں،چھوٹی بچیوںاور حائضہ عورتوں کو عیدگاہ کے لیے نکالیں البتہ حائضہ عورتیں نماز کی جگہ سے علیحدہ رہیں گی ، اور مسلمانوں کی دعا میں شریک ہوں گی۔میں نے عرض کیا یا رسول اللہﷺ :بعض عورتیں ایسی بھی ہیں جن کے پاس چادر نہیں ہوتی۔فرمایا! جس عورت کے پاس چادر نہ ہو ،وہ اپنی بہن سے لے لے(بخاری:۴۷۹)

Turky & Sirya Zalzala

 ترکی و شام میں زلزلے کی تباہ کاری اور انسانیت کی ذمہ داری محب اللہ قاسمی انسان جس کی فطرت کا خاصہ انس ومحبت ہے ۔ اس لیے اس کا ضمیر اسے باہم...