Saturday 15 March 2014



ایک مومن کی شان یہ ہے کہ اس کامعاشرہ اور  ماحول چاہے جتنا بھی خراب ہومگر وہ نیکی اور  خیرکے کاموں  میں سبقت کرے وہ اتنابلندکرداراورباہمت ہوکہ اسے مخالف ماحول متزلزل نہ کرسکے ،وہ اپنے اندرکسی ایسی کمزوری کو جگہ نہ دے جس کے سبب مخالف اسے اپنا شکار بناسکے ۔  ضروری ہے کہ بندہ مومن دنیا کی محبت ،بے جا تکلفات اور خواہشات کی کثرت کو دل سے نکال کرسادہ زندگی گزارے ،ایسا شخص معاشرے کے لیے بے حد مفید اور  قوم وملت کے لیے بہت کار آمدثابت ہوتا ہے ،  جو کام بھی وہ کرتاہے، اس میں  اس کی نیت خالص ہوتی ہے ،وہ ذاتی مفادسے بالاترہوکربے لوث خدمت انجام دیتاہے ۔  اللہ ایسے مخلص بندوں سے بہت خوش ہوتاہے اور انھیں  کامیابیوں سے ہم کنارکرتاہے۔
اس کے برعکس اگرانسان دنیا کی محبت میں  مبتلااوراس کی لذتوں  کا شیدائی ہوجائے تو اس کے اندرکم زوری آجاتی ہے جواس کی ہمت اور  حوصلہ کوپست کردیتی ہے،وہ اپنے مشن پر قائم نہیں رہ پاتا ۔ دھیرے دھیرے وہ خداکا نافرمان ہوجاتاہے ، اس کی عزت نفس فناہوجاتی ہے اور  ایک اچھے انسان کی حیثیت سے اس کی پہچان ختم ہوجاتی ہے۔  لوگ اس کے قریب بھی جانا پسند نہیں  کرتے، حتی کہ وہ انسانیت کے ادنیٰ مقام سے بھی گرجاتاہے ۔
نبی کریمﷺ نے اس پہلوکو سمجھانے کے لیے ارشادفرمایا:
’’ عنقریب ایک وقت آئے گاجب قومیں  تم پر ٹوٹ پڑیں  گی جس طرح کھانے والے ایک دوسرے کوکھانے کے پیالے کی طرف بلاتے ہیں ۔ ‘‘ایک شخص نے کہاکہ کیا ایسا اُس زمانے میں  ہماری قلت تعدادکی وجہ سے ہوگا؟ آپؐ نے جواب دیا:’’نہیں ‘‘ تم تواس زمانے میں  کثیرتعدادمیں  ہوگے۔  لیکن تمہاری حیثیت اس خس وخاشاک کی طرح ہوگی جودریااورسیلاب کے جھاگ کے ساتھ ملا ہوا ہوتاہے۔  اللہ تمہارے دلوں میں  ’وہن‘ڈال دے گا‘‘ایک شخص نے پوچھاکہ اے اللہ کے رسول !’وہن‘ کیاہے؟ آپؐ نے فرمایا:’’حب الدنیا وکراہیۃ الموت‘‘۔ دنیا کی محبت اور موت سے نفرت۔  (ابوداؤد)
زندہ قوم وہ ہوتی ہے جسے اپنی زندگی کی پرواکم اور  اپنے مقصدکی فکرزیادہ ہوتی ہے،اس کے ہرفردکوپورایقین ہوتاہے کہ موت کسی بھی وقت آسکتی ہے ۔ اس لیے وہ اس ذمہ داری کو ادا کرنے کی پوری کوشش کرتاہے جواللہ تعالیٰ نے اس پرخیرِامت کا فردہونے کی حیثیت سے ڈالی ہے۔  وہ کسی سے مرعوب نہیں  ہوتا۔ دنیا کی چمک دمک کوثانوی درجہ دیتاہے اسے اپنا مقصودحیات نہیں  سمجھتا، اس موت کو جواطاعت الٰہی کی راہ میں  آئے وہ اپنے لیے قابل فخرگردانتاہے۔
مومن کے اسی عزم وارادے کو کھوکھلا کرنے والے شیطان کے چندخطرناک حربے ہیں ۔ ان میں  سے ایک دنیا کی محبت ہے جوانسان کوآخرت سے غافل کردیتی ہے،نبی کریم نے فرمایا:
لایزال قلب الکبیرشابافی اثنین :فی حب الدینا وطول الامل(متفق علیہ)
بوڑھے شخص کا دل دوچیزوں کے معاملے  میں  جوان ہوتاہے :ایک دنیاکی محبت اور دوسری بہت زیادہ کی آرزوئیں ۔
ایک مسلمان کویقین ہوتاہے کہ دنیا فانی ہے،اسے ایک دن ختم ہوناہے ۔ اصل زندگی آخرت کی زندگی ہے ،جہاں  خداکے حضورپیش ہو کرہر انسان کو اپنے عمل کا حساب دینا ہے ۔  آخرت کی زندگی بہترہے جوہمیشہ باقی رہے گی۔ (والآخرۃ خیروابقی)اس دنیا کا ہرانسان اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ یہاں  ہرپیداہونے والا محض چند روز کی زندگی لے کر آیا ہے۔ اسے کچھ پتہ نہیں  کہ کب اس کی سانس رک جائے گی اور کب وہ دنیاسے چلاجائے گا۔
جوشخص دنیا کی محبت میں  گرفتار ہوجاتاہے وہ عیش کوش ہوجاتاہے جب کہ عیش کوشی مسلمانوں کا شیوہ نہیں  ، ایسے شخص کو اللہ پسند نہیں  کرتا،حقیقت میں  عیش کوش  خداکے بندے نہیں  بلکہ دنیا کے بندے ہوتے ہیں  جوخودکودنیاکے سپردکرکے اس کے بن جاتے ہیں ۔  اسی بناپر نبی کریم ﷺ نے جب حضرت معاذ بن جبل کو گورنربناکر یمن کی طرف بھیجاتو فرمایا:
تم عیش وعشرت میں  پڑنے سے خود کو بچانا ۔  کیوں کہ خداکے بندے عیش کوش نہیں  ہوتے۔ ‘‘(مسنداحمد)
ایک شخص نبی کریمؐ کی طرف سے گورنربناکرایسی جگہ بھیجاجارہا ہے جہاں  دنیا کی لذت ،عیش وعشرت کا ساراسامان مہیاہے ، اسے اسلام کا طریقہ بتایاجارہاہے کہ تم دیگر دنیا پرست حکام کی طرح دنیا میں  ملوث نہ ہوجانا کہ اپنی ذمہ داری سے ہی غافل ہوجاؤ ۔  خداکے بندے جھوٹی شان شوکت سے بچتے ہیں  ،ان کے اندر احساس ذمہ داری کوٹ کوٹ کربھرا ہوتا ہے ۔
دنیا کی محبت یک بہ یک کسی دل میں  پیدانہیں  ہوتی ہے، ابتدامیں  اس کا لالچ پیداہوتا ہے ،پھرانسان آخرت سے اعراض کرتے ہوئے اس پر پل پڑتاہے۔ امام قرطبی نے اس سلسلے میں  فرمایا:
ہوداء عضال ومرض مزمن، ومتی تمکن من القلب فسدمزاحہ،واشتدعلاجہ، ولم یفارقہ داء ولانجع فیہ دوائ، بل اعباالاطبائ، وبئس من برئہ الحکماء والعلماء۔
یہ ایک سنگین اور مہلک مرض ہے جس دل میں  جاگزیں ہوجاتاہے تواس کا مزاج بگڑجاتاہے اور اس کا علاج دشوارہوجاتاہے۔ یہ مرض کسی طرح پیچھا نہیں  چھوڑتا۔ کوئی دوا کام نہیں  کرتی ۔  اطباء اس کے علاج سے مایوس ہوجاتے ہیں  اور حکماء اس کی شفایابی سے بے بس ہوجاتے ہیں ۔
جب انسان کے دل میں  دنیا کی محبت جاگزیں  ہوتی ہے تووہ درازی عمراورکثرت مال کا خواہاں  ہوجاتاہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اسے یہودکی خصلت بدقراردیتے ہوئے فرمایاہے:
وَلَتَجِدَنَّہُمْ أَحْرَصَ النَّاسِ عَلَی حَیَاۃٍ وَمِنَ الَّذِیْنَ أَشْرَکُواْ یَوَدُّ أَحَدُہُمْ لَوْ یُعَمَّرُ أَلْفَ سَنَۃٍ وَمَا ہُوَ بِمُزَحْزِحِہِ مِنَ الْعَذَابِ أَن یُعَمَّرَ وَاللّہُ بَصِیْرٌ بِمَا یَعْمَلُونَ۔
تم انہیں  سب سے بڑھ کرجینے کا حریص پاؤگے حتی کہ یہ اس معاملے میں  مشرکوں سے بھی بڑھے ہوئے ہیں ۔ ان میں سے ایک ایک شخص یہ چاہتاہے کہ کسی طرح ہزار برس جیے،حالانکہ لمبی عمربہرحال اسے عذاب سے دورنہیں  پھینک سکتی۔ جیسے کچھ اعمال یہ کررہے ہیں  ،اللہ توانھیں  دیکھ ہی رہاہے۔ ‘‘(آیت:بقرۃ۹۵)
جب انسان دنیا کا گرویدہ ہوجاتاہے تووہ اندھاہوکررہ جاتاہے،اسے اچھا برا کچھ سجھائی نہیں  دیتا،اس کا دل پتھرکی طرح سخت ہوجاتاہے۔ اسے اپنے مفادکے علاوہ کسی سے کوئی سروکارنہیں  رہتاہے۔ وہ عیش وآسائش کی اس دلدل میں  ایساپھنستاہے کہ پھراس سے نکلنا اس کے لیے مشکل ہوجاتاہے۔ جوموت کی یاداسے اس دلدل سے نکال سکتی تھی مگراسے وہ فراموش کردیتاہے۔ دنیا کے لہو ولعب میں  مصروف ہوکر لایعنی چیزوں میں  مبتلا ہوجاتاہے ۔  اس طرح وہ مسلسل دھوکے میں  رہتاہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے
اعْلَمُوا أَنَّمَا الْحَیَاۃُ الدُّنْیَا لَعِبٌ وَلَہْوٌ وَزِیْنَۃٌ وَتَفَاخُرٌ بَیْْنَکُمْ وَتَکَاثُرٌ فِیْ الْأَمْوَالِ وَالْأَوْلَادِ کَمَثَلِ غَیْْثٍ أَعْجَبَ الْکُفَّارَ نَبَاتُہُ ثُمَّ یَہِیْجُ فَتَرَاہُ مُصْفَرّاً ثُمَّ یَکُونُ حُطَاماً وَفِیْ الْآخِرَۃِ عَذَابٌ شَدِیْدٌ وَمَغْفِرَۃٌ مِّنَ اللَّہِ وَرِضْوَانٌ وَمَا الْحَیَاۃُ الدُّنْیَا إِلَّا مَتَاعُ الْغُرُورِ ۔
’’خوب جان لوکہ یہ دنیا کی زندگی اس کے سواکچھ نہیں  کہ ایک کھیل اور  دل لگی اور  ظاہری ٹیپ ٹاپ اور تمہارا آپس میں  ایک دوسرے پر فخرجتانا اور مال واولاد میں  ایک دوسرے سے بڑھ جانے کی کوشش کرنا ہے۔ اس کی مثال ایسی ہے جیسے ایک بارش ہوگئی تواس سے پیدا ہونے والی نباتات کودیکھ کر کاشت کارخوش ہوگئے پھروہی کھیتی پک جاتی ہے اور تم دیکھتے ہو کہ وہ زرد ہوگئی ۔ پھروہ بھُس بن کررہ جاتی ہے۔ اس کے برعکس آخرت وہ جگہ ہے جہاں  سخت عذاب ہے اور اللہ کی مغفرت اور اس کی خوشنودی ہے۔  دنیاکی زندگی ایک دھوکے کی ٹٹی کے سواکچھ نہیں  ۔ ‘‘  (حدید:20)
دنیا کی محبت انسان کے اندرسے انفاق اور ایثارکا جذبہ ختم کردیتی ہے ۔ پھروہ اجتماعیت کی زندگی سے ہٹ کرذاتی منفعت کے حصول میں  زندگی گزارنے لگتاہے ۔  دوسروں کے لیے اس کے دل میں  نرمی یا ہمدردی باقی نہیں  رہتی ۔ وہ اس بات سے غافل ہوجاتاہے کہ وہ جس جگہ رہ رہاہے اس کا پڑوسی کس حال میں  ہے ۔ چہ جائے کہ وہ خدمت خلق کے دیگر کام انجام دے۔ جب کہ نبی کریم نے فرمایا:
ماآمن بی من بات شبعا وجارہ جائع (ترمذی)
وہ مجھ پر ایمان نہیں  رکھتا جو خودتوسیرہوکرکھائے اور مزے کی نیندلے اور اس کا پڑوسی بھوکا ہو۔
یہ کتنی عجیب بات ہے کہ انسان اس دنیا میں  اتنا مست رہتا ہے اور  اس کی محبت میں  اس قدرمگن رہتاہے کہ اسے کچھ احساس نہیں کہ وہ دن مہینے اور سال کھورہا ہے ۔ ا س قدرغافل ہے کہ اس فانی زندگی کے عوض آخرت کی زندگی کوفراموش کررہاہے جوباقی رہنے والی ہے۔
وَأَنفِقُوا مِن مَّا رَزَقْنَاکُم مِّن قَبْلِ أَن یَأْتِیَ أَحَدَکُمُ الْمَوْتُ فَیَقُولَ رَبِّ لَوْلَا أَخَّرْتَنِیْ إِلَی أَجَلٍ قَرِیْبٍ فَأَصَّدَّقَ وَأَکُن مِّنَ الصَّالِحِیْنَ ۔ وَلَن یُؤَخِّرَ اللَّہُ نَفْساً إِذَا جَاء  أَجَلُہَا وَاللَّہُ خَبِیْرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ
 جورزق ہم نے تمہیں  دیاہے اس میں  سے خرچ کروقبل اس کے کہ تم میں  سے کسی کی موت کا وقت آجائے اور اس وقت وہ کہے کہ’’اے میرے رب،کیوں نہ تونے مجھے تھوڑی سی مہلت اور دے دی کہ میں  صدقہ دیتااورصالح لوگوں میں  شامل ہوجاتا۔ حالانکہ جب کسی کی مہلت عمل پوری ہونے کا وقت آجاتاہے تو اللہ کسی شخص کو ہرگزمزیدمہلت نہیں  دیتااورجوکچھ تم کرتے ہو،اللہ اس سے باخبرہے۔  ‘‘  (سورۃمنافقون11-10 )
بعض حکمانے ایسے لوگوں پر اظہارتأسف کرتے ہوئے کہا:
کیف یفرح بالدنیا من یومہ یہدم شہرہ،وشہرہ یہدم سنتہ،وسنتہ یدہم عمرہ، کیف یفرح من عمرہ الی اجلہ، وتقودہ حیاتہ الی موتہ۔
’’وہ شخص دنیا پاکر کیوں خوش رہ سکتاہے جس کے دن،مہینے ،سال تیزی سے گزررہے ہوں اور اس کی زندگی موت سے قریب ہورہی ہو۔ ‘‘
یہ بات درست ہے کہ دنیا کے بہت سے کام ایسے ہیں  جن کے لیے دنیاوی وسائل کی ضرورت پڑتی ہے۔  ان کے بغیر زندگی گزارنا محال ہے۔  انسان کی زندگی اور  دنیاکی مثال کشتی اور پانی کی سی ہے جوایک دوسرے کے لیے لازم اور ملزوم ہیں  کیوں کہ کشتی پانی پر ہی چلتی ہے۔ مگریہ بات پیش نظررہنی چاہیے کہ اگرکشتی میں  پانی بھرجائے تو کشتی تباہ وبربادہوکررہ جاتی ہے۔ لہذا دنیا اور اس کی محبت اگر انسان کے سینے میں  بھرجائے تواس کا ہلاک ہونا اور اس کی آخرت کا تباہ وبربادہونا یقینی ہے۔
موجودہ دورمیں  لوگ مسلمانوں کے بہت سے مسائل اور پریشانیوں کا ذکرکرتے ہیں  اور  ان کوبنیادبناکراسے دنیاحاصل کرنے کی دوڑمیں  پیچھے رہ جانے کی وجہ قراردیتے ہیں ۔ جب کہ حقیقت میں  یہ کوئی مسئلہ نہیں  ہے ،کیوں کہ ایک مسلمان کی کامیابی اخروی فلاح نجات میں  ہے اسی میں  دنیاوی مسائل کا حل بھی مضمرہے۔ البتہ ہم دیکھتے ہیں  کہ وہ لوگ بھی اس مقابلے میں  بہت پیچھے ہیں  جن کے پاس مسلمانوں  کی طرح دنیاکا حصول اتنابڑامسئلہ نہیں  ہے۔ بلکہ عیش وآرام اور ٹھاٹ باٹ کی زندگی جی رہے ہیں ،مثلاً موجودہ دورکے کلیدی عہدوں پر فائزہوس پرست ذمہ داران وسیاسی لیڈران جن کے ذلت آمیز، شرمناک اور غیراخلاقی واقعات کی خبریں  آئے دن اخبارات کی زینت بن رہی ہیں ۔
شیطانی گروہ مسلسل کوشش میں  ہے کہ دنیا کی محبت مومن کے دل میں  ڈال دے ۔ یہ دنیامختلف صورتوں میں  جلوہ گرہوتی اور مومنوں کولبھانے کی کوشش میں  رہتی ہے ۔  مسلمانوں کواللہ تعالیٰ کا فرمان اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے دنیا کے مکروفریب سے دور رہنا چاہیے کیوں کہ حب دنیا ایمان کے منافی ہے ۔
                                ٭٭٭


kamzoor Momin se Taqatwar mumin behtar




قوم وملت کی صلاح وفلاح کے لیے ضروری ہے کہ معاشرہ میں  امن وامان قائم ہو، انسانوں  کو جانی ومالی تحفظ حاصل ہو، انھیں  وہ حقوق دیے جائے جن کے وہ مستحق ہیں ۔  ظلم وزیادتی کا خاتمہ ہو،ایسے قوانین کا عملی نفاذہوجوزندگی کے تمام گوشوں  کو محیط ہوں ۔ جہاں  لوگ ایک دوسرے کے درد وغم سے آشناہو ں اور بھائی چارگی کا ماحول پایاجاتا ہو۔  پڑوسیوں کا خیال کیا جاتا ہو اورلوگ ایک دوسرے کے درکھ درد میں  شریک ہوتے ہوں ۔ جہاں ایسا نہیں  ہوگاوہاں  معاشرہ بدامنی کا شکارہوجائے گا اور لوگ ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوں گے اور  انسانیت سسک سسک کردم توڑنے لگے گی اور ظلم کا بول بالا ہوگا ۔ چاروں طرف اندھیرا ہوگا اور  لو گ خوف ہراس کے سائے میں  زندگی گزاریں گے ۔ ایسے میں  نہ ملک ترقی کرسکے اور نہ قوم کامیابی سے ہم کنار ہوسکے گی۔
موجودہ دورکا مشاہدہ ہمیں  بتاتاہے کہ اس میں  وہ تمام خرابیاں  آچکی ہیں  جن سے معاشرہ بدحال ہے ،جس میں  ظالم ظلم کرتے ہوئے بھی نادم نہیں  ہے ، طاقتور کمزوروں کو ستا رہا ہے، اکثریت اقلیت کے وجودکوتسلیم کرنے سے گریزکررہی ہے اور ان کے جان کے درپردہ ہے۔  بستیاں  جلائی جارہی ہیں ، جن کے بنانے اور سنوارنے میں  انسان اپنی آدھی عمرکی محنت لگاتا ہے، پہ درپہ ہونے والے فسادات سے انسانیت دم بخود ہے۔ ان کی خبروں سے اخبارات بھرے نظر آتے ہیں ، ان کی بے بسی اور لاچاری کی شائع شدہ تصاویرسے اقبال کا یہ مصرع ذہن میں  تازہ ہوتاہے     ؎
ہے جرم ضعیفی کی سزامرگ مفاجات
یہ بات پوری طرح مسلم ہے کہ معاشرے میں  دوطرح کے گروہ پائے جاتے ہیں  ایک وہ جوتعصب کی بنیاد پر انسانیت کا گلاگھونٹتے ہیں  اور فساد کا ماحول پیداکرکے معاشرے کوتباہ وبرباد کرنا چاہتے ہیں  دوسرے وہ لوگ ہوتے ہیں ، جو امن وامان کے خواہاں ہوتے ہیں  اور  معاشرے کی تعمیر وترقی کے لیے ہرممکن کوشش کرتے ہیں ۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ان دونوں میں  سے ہرایک دوسرے کے مخالف ہوتے ہیں ۔ کوئی کسی کا وجودتسلیم کرنے کو تیارنہیں  ،ایسا ہوبھی نہیں  سکتا کیوں کہ یہ دونوں دومتضاد چیزیں  ہیں  ۔ اسی وجہ سے ان کاآپسی ٹکراؤ اور  تصادم یقینی ہے ،جو روز اول سے چلا آرہاہے اور قیامت تک جاری رہے گا۔ ان میں  جو غالب ہوگا معاشرہ کی صورت حال ویسی ہی بھلی یا بری ہوگی۔
ایسے ماحول کے لیے اسلامی تعلیمات کیاہیں  ؟اسے عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ضرورت کی تکمیل کے لیے لازم ہے کہ اسلام کے علم بردارطاقت ور ہوں ۔  وہ قوت ،خواہ ایمانی لحاظ سے ہو،جیسے خداپر کامل یقین ،اپنے موقف پر استقامت ،مشن کے لیے ہرممکن راہ اختیار کرنے کاعمل ،فکر کی مضبوطی اور شریعت اسلام کوہی مکمل نظام حیات ہونے کا قولی وعملی دعوی ۔ یا پھرجسمانی قوت مثلاً مخالف گروہ کے حملے اور فسادات سے نمٹنے کے لیے دفاعی طاقت ،جس کے لیے جسمانی ورزش،ایسے کھیل جن سے جسمانی ورزش ہوتی ہو،دوڑ،تیراکی،کشتی اور اسلحہ بازی وغیرہ کی مشق ۔
جہاں  تک ایمانی قوت کا تعلق ہے توایک مومن کواپنے مشن میں  کامیاب ہونے کے لیے یہ لازمی جزہے۔  اس کے بغیر کسی کامیابی کا تصور محال ہے۔ چنانچہ اس کی طرف  ہمیشہ توجہ دلائی جاتی ہے ،برابرتقریروں اور تحریروں سے اس کی وضاحت بھی کی جاتی ہے ۔ بڑے بڑے جلسوں میں  اس پر تفصیلی روشنی ڈالی جاتی ہے، مگر دوسری طاقت جواللہ کوبے حدمحبوب ہے ،اس کی طرف بھی توجہ دلانے کی ضرورت ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے اسی نازک حالات کے پیش نظر اپنے محبوب بندوں سے فرمایا:
’’اورتم لوگ ،جہاں   تک تمہارابس چلے،زیادہ سے زیادہ طاقت اور تیاربندھے رہنے والے گھوڑے ان کے مقابلہ کے لیے مہیارکھو، تاکہ اس کے ذریعہ سے اللہ کے اور اپنے دشمنوں کواوران دوسرے اعداء کوخوف زددہ کروجنھیں  تم نہیں  جانتے مگراللہ جانتاہے ۔)سورۃ انفال60:)
خداکی اس سرزمین پر قانون صرف خداکا ہی چلنا چاہیے ۔  وہ ظلم وبربریت کو پسند نہیں  کرتا لہذا عدل وانصاف کا قیام ہونا چاہیے۔ وہ بری باتوں کوپسند نہیں  کرتا،اس لیے نیکی کا کام کرنا چاہیے۔  مذکورہ تمام اعمال وافعال خداکوماننے والا اس کے احکام کی پابندی کرنے والا ہی بخوبی انجام دے سکتا ہے ۔  مگرچوں کہ یہ کام آسان نہیں  ہے اس لیے انھیں  اپنے اندرجہاں  ایک طرف ایمان کی مضبوطی کی ضرورت ہے وہیں  باطل گروہ سے ٹکراؤ کے وقت دفاعی قوت وصلاحیت کی ضرورت ہے ،جس میں  تمام مسلمانوں  کو ایک ساتھ مل کرتعان علی البروالتقوی کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔
نبی کریم ﷺ کی سیرت سے معلوم ہوتا ہے کہ آپؐ خودانتہائی طاقت وراوربہادرتھے ، جب کشتی کے لیے کوئی للکارتاتوبڑے سے بڑے پہلوان کوپچھاڑدیتے تھے۔ ایک موقع پر آپ ﷺنے اسلام کی مددونصرت کے لیے حضرت عمربن خطاب ؓ کے ایمان کے لیے خاص طورسے دعا کی جواس زمانے میں  ایک بہادرطاقت ور انسان کی حیثیت سے معروف تھے:
اللہم ایدالاسلام بعمربن الخطاب خاصۃً  (ابن ماجہ،مستدرک حاکم)اے اللہ خاص عمربن خطاب ؓ سے اسلام کو قوت دے۔ اللہ نے دعاقبول فرمائی ۔ حضرت عمرفاروق اعظم ؓنے بعدمیں جوکارنامے انجام دیے وہ کسی پر مخفی نہیں ہے۔
نبی کریم ؓنے صحابہ کرام میں  ان دونوں  قوتوں (ایمانی قوت اور دفاعی صلاحیت ) کو پروان چڑھایا۔ اس لیے ہم صحابہ کرام کی زندگی کو دیکھتے ہیں  توان میں  جہاں  ایمان کی حلاوت اور  حمیت ملتی ہے، وہیں  وہ جنگی لحاظ سے مضبوط ،طاقتور اور  بہادر دکھائی دیتے ہیں ۔  جنگ بدرکا واقعہ ہے کہ جب کفارومشرکین(عتبہ ،شیبہ اور  ولید ) نے دعوت مبارزت دی توان کے مقابلے کے لیے مسلمانوں کی طرف سے اولاًانصارمیں سے تین صحابہ کرامؓ آگے آئے،مگرمشرکین نے اپنے یعنی قریش میں  سے اپنا مقابل طلب کیا ،جس پر تین نہایت قوی اور جنگی فنون کے ماہر حضرات آگے آئے،جنھوں نے اپنے مقابل کا کام تمام کیا۔ وہ تھے عبیدۃن الحارثؓ، حضرت حمزہ ؓاور حضرت علی ؓ صرف حضرت عبیدۃبن الحارثؓ معمولی زخمی ہوئے۔ اتنے مضبوط اور بہادرہوتے تھے صحابہ کرام ؓ!
قرآن کریم نے رسول اللہ ﷺاورصحابہ کرام کے  اوصاف کا تذکرہ ان الفاظ میں  کیا:
محمد رسول اللہ والذین معہ اشدآء علی الکفار رحماء بینہم (سورۃ الفتح:۲۹)
محمد اللہ کے رسول ہیں  اور جولوگ ان کے ساتھ ہیں  وہ کفار پر سخت اور  آپس میں  رحیم ہیں ۔
اس کی تفسیرمیں مولانا سیدابوالاعلیٰ مودودیؒ فرماتے ہیں  ۔
’’صحابہ کرامؓ کے کفارپر سخت ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ موم کی ناک نہیں  ہیں  کہ انھیں  کافرجدھرچاہیں  موڑدیں ۔ وہ نرم چارہ نہیں  ہیں  کہ کافرانھیں  آسانی کے ساتھ چبا جائیں ۔  انھیں  کسی خوف سے دبایانہیں  جاسکتا۔  انھیں  کسی ترغیب سے خریدانہیں  جاسکتا۔ کافروں میں  یہ طاقت نہیں  ہے کہ انھیں  اس مقصد ِ عظیم سے ہٹادیں  جس کے لیے سردھڑکی بازی لگاکرمحمدﷺ کا ساتھ دینے کے لیے اٹھے ہیں ۔ (اورآپس میں  رحیم ہیں )یعنی ان کی سختی جوکچھ بھی ہے دشمنان دین کے لیے ہے، اہل ایمان کے لیے نہیں  ہے۔  اہل ایمان کے مقابلے میں  وہ نرم ہیں ،رحیم و شفیق ہیں ،ہمدردوغمگسارہیں ۔ اصول اور مقصدکے اتحاد نے ان کے اندرایک دوسرے کے لیے محبت اور ہم رنگی وسازگی پیداکردی ہے۔ ‘‘(ترجمہ قرآن مع مختصرحواشی)
اگرکوئی شخص کسی مومن کی جان کے درپے ہوتوایسی صورت میں  اس کے لیے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سے رحم وکرم کی بھیک مانگنے کے بجائے دفاعی صورت اختیار کرنا لازمی ہو جاتاہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اپنی جان اور  اپنے مال کی حفاظت کی خاطر دفاعی صورت میں  اگرکسی مسلمان کی جان چلی جائے تو اسلام نے اسے شہیدکا اعزاز بخشا ہے ۔  دفاعی صورت کے لیے قوت ضروری ہے اور اس کا صحیح استعمال جرأت وبہادری کے ذریعے ہوتاہے ۔
نبی کریمؐ نے اس تعلق سے اپنی امت کو بڑی ہی جامع بات بتائی جومعاشرے کی فلاح و بہبود اور  قیام امن وامان کے لیے بے حد ضروری ہے۔ آپؐ کا ارشاد ہے:
المؤمن القوی خیرواحب الی اللہ من المؤمن الضعیف وفی کل خیر احرص علی ماینفعک واستعن باللہ ولا تعجزوان اصابک شیٔ فلاتقل انی لو فعلت کان کذا وکذاولکن قل قدراللہ وماشاء فعل فان لوتفتح عمل الشیطان   (مسلم)
’’مومن ِ قوی بہتر اور خداکے نزدیک محبوب ترہے مؤمن ضعیف سے۔ اور یوں تو ہر ایک میں  بھلائی اور خیرپایاجاتاہے۔ جو چیز تیرے لیے نافع ہو اس کا حریص ہو اور خداسے استعانت طلب کراور عاجز نہ ہو اور اگرتجھے کوئی مصیبت پہنچے تو یہ نہ کہہ کہ اگر میں  ایسا کرتاتوایسا ہوتا بلکہ کہہ کہ خدانے یہی مقدرفرمایا اور اس نے جوچاہا کیا، کیوں کہ ’’اگر‘‘شیطان کے کام کا دروازہ کھولتاہے۔ ‘‘ (مسلم)
مذکورہ حدیث سے واضح ہوتاہے کہ ضعف اور کمزوری، خواہ ایمانی ہو یا جسمانی، کسی بھی صورت میں  پسندیدہ نہیں ہے۔  اس لیے اللہ کے نزدیک  مضبوط مؤمن کمزورسے بہتر ہے، کیوں  کہ اس سے دینی ودنیوی امورکے مصالح کاحصول ہوتاہے۔ ساتھ ہی خیر کی طرف رغبت اور  اس بھلائی کے حصول میں  کسی طرح کا عجزظاہر کرنے کی ممانعت پائی جاتی ہے۔  عجز ضعف کی علامت ہے جوانسان کو اپنے مشن میں  استقامت سے روکتی ہے اور اسے متزلزل کردیتی ہے۔  مومن کا یہ شیوہ ہے کہ وہ احکام الٰہی کا پابندرہے اگرکامیابی ملی توفبہاورنہ توغم نہ کرے یہ من جانب مقدر تھا۔
صحت وتندرستی سے متعلق اسلامی تعلیمات
صحت وتندرستی انسانی قوت کا راز ہے ،جب کہ مرض اس کے لیے دیمک کی مانندہے جو انسان کی صحت کومتأثر کرتاہے۔ مؤمن کے لیے ضروری ہے کہ وہ قوی ہو جس کے لیے اسے اپنی صحت کا بھرپورخیال رکھنا ہوگا۔ یہ صحت ایک نعمت سے کم نہیں  اس کا شکریہ ہے کہ اس کا خیال اور  اس کا صحیح استعمال کیاجائے۔
تنگ دستی اگرچہ ہو غالب
تندرستی ہزار نعمت ہے
اس تعلق سے اسلامی تعلیمات کا احاطہ کرنا بھی ضروری ہے تاکہ یہ اندازہ لگانا آسان ہو کہ آخراسلام صحت ومرض کے تعلق سے کیاتعلیم  دینا چاہتا ہے اور اس کا مقصد کیاہے؟جسم کو صحت مند، مضبوط اور طاقت وربنانے کے لیے غذا کے ساتھ ساتھ ورزش اور کھیل کود کی بھی ضرورت ہے ۔ اسی وجہ سے نبی کریمﷺ نے بچوں کو کبھی کھیل کودسے منع نہیں  کیا بلکہ اس کے کھیل کودکوپسند کیا۔ آپؐ نے اس مقصدکے تحت چند کھیل کی ہدایت فرمائی ہے۔ جس میں  دوڑ، تیراکی ، کشتی ،تیراندازی وغیرہ نمایاں  ہیں :
’’حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں  کہ میں  ایک سفرمیں  رسول اللہﷺ کے ساتھ تھی ہم دونوں  نے دوڑلگائی۔ میں  آگے نکل گئی۔  کچھ عرصہ کے بعد جبمیرا بدن فربہ ہوگیاتودوبارہ دوڑکامقابلہ ہوا۔  اس میں  آپ بازی جیت گئے ۔ فرمایایہ پہلے مقابلے کا بدلہ ہے۔ ‘‘   (ابوداؤد)
تیراکی سے متعلق آپؐ کا ارشادہے:’’ہروہ چیزجس میں  اللہ کا ذکر نہ ہو،لہوولعب ہے، سوائے چارچیزوں کے۔ آدمی کا اپنی بیوی سے ہنسی مذاق کرنا،اس کا اپنے گھوڑے کو سدھانا ،نشانات متعین کرکے ان کے درمیان چلنا اور تیراکی کی تعلیم دینا۔ ‘‘ (مناوی فیض القدیر:۵/۲۳۔ صحت ومرض اور اسلامی تعلیمات: ۲۰۸ (
حضرت عمرؓنے حضرت ابوعبیدۃ جو شام کے گورنرتھےؓ کولکھا:
’’اپنے بچوں کو تیراکی کی تعلیم دواورجولڑنے کے قابل  ہوجائیں  انھیں  تیراندازی سکھاؤ۔ ‘‘ (مسند احمد ،صحت ومرض اور اسلامی تعلیمات:۲۰۸)
اسلام نے ان تمام چیزوں کوناجائز ،مکروہ اور حرام قراردیاہے جو انسانی جسم کو کسی نہ کسی درجہ میں  بالواسطہ یا بلا واسطہ نقصان پہنچائے۔ کیوں کہ جسم بھی خداکی دی ہوئی ایک امانت ہے جسے ایک حدتک قوی اور بہتررکھنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ اسے عظیم مقاصدٖ(ٖزیرکفالت لوگوں  کی پرورش اور سربلندی ٔاسلام)کے لیے  کام میں  لایا جاسکے۔  اس لیے اسے ناجائز استعمال سے لاغراورناتواں کرنے کا ہمیں  کوئی حق نہیں ۔
ہمارے اسلاف نے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں  نافذکیا اور  وقت کی نزاکت کے ساتھ اس راہ کو بھی اپنا یا جس کے لیے انھوں نے بے حد مشق کی ۔  آج ہندوستان آزاد ہے ،اگرتاریخ اٹھاکردیکھی جائے تو ہم بڑے فخرسے کہتے ہیں  کہ علماء نے انگریزوں کے خلاف جہاد کا فتوی دیا اور خودمیدان میں  کودپڑے ، مسلمانوں نے علمائے کرام کا ساتھ دیا اور  اپنے خون سے اس ملک کوآزادکرایا۔ یہ اس لیے ہوا کہ انگریزوں نے نہ صرف ظلم وبربریت کا ماحول گرم کیاتھا بلکہ مسلمانوں کو ان کے دین سے پھیرنے کی پالیسی بھی تیارکی تھی ۔  ان کا جینا بھی مشکل کردیاتھا۔ ایسی صورت جب بھی پیش آئے گی اس کے لیے یکبارگی کوئی عمل سامنے نہیں  آتا بلکہ اس کی تیاری کی جاتی ہے ۔ تاکہ ماحول کے مطابق مسلمان خود کو تیاررکھیں ۔
گنوادی ہم نے جواسلاف سے میراث پائی تھی
ثریاسے زمین پر آسمان نے ہم کو دے مارا
انسان اچھا ہو یا برا،درندہ صفت ہو یا نیک صفت شکل وصورت اور بناوٹ کے اعتبار سے یکساں  دیکھائی دیتاہے اور اس کے توالد وتناسل کا طریقہ  بھی ایک ہی طرح کا ہوتاہے جس کے سبب صحت ومرض بھی انسان کے جسم پریکساں  طورپر اثراندازہوتاہے مگرایک بڑا فرق ہے وہ یہ کہ اس کا عمل ،کردارجینے کا سلیقہ جو اسلام سیکھاتاہے جس سے انسان بہترین اور طاقت ور ہوتا ہے۔ اگراسلام کے ماننے والے اپنی بہتری اور بھلائی کے لیے اللہ کا حکم اور اس کے نبی ﷺ کا طریقہ چھوڑکرکوئی اور  طریقہ اپنائیں  یا چوپائے کی طرح بے مقصد اور بے چارگی کی زندگی گزاریں ، توپھران کو ذلت وپستی اور رسوائی سے کوئی نہیں  بچاسکتا،چہ جائے کہ وہ قوم کے فساد و بگاڑ کو روک سکے یا اس کامقابلہ کرسکے اور نہ کوئی اس کی مددکرسکتاہے۔
خدانے آج تک اس قوم کی حالت نہیں  بدلی
نہ ہو جس کو خیال، اپنی حالت کے بدنے کا

٭٭٭

Friday 14 March 2014

مادہ پرستی کے اثرات ہمارے اخلاق پر
                                             
انسان اپنے اخلاق و کردار سے ہی پہچا ناجاتاہے۔ بہتر اخلاق اسے انسانیت کے اعلی مقام پر پہنچاتے ہیں ،جب کہ برے اور گندے خصائل اسے ذلیل و رسواکرکے پستی میں ڈال دیتے ہیں۔ اسی لیے ایک اچھا انسان اپنے اخلاق و کردارکو بنانے اور سنوارنے کی کوشش کرتاہے۔ یہ اس کی بہتر شناخت اور کامیاب زندگی کے لیے بے حد ضروری ہے۔ اسی وجہ سے دین و شریعت میںبہتر اخلاق اور اچھے اوصاف کی بڑی اہمیت ہے۔ نبی کریم کی بعثت کا مقصد اخلاق کریمہ کی تکمیل ہے۔  جیساکہ آپؐ نے فرمایا:
انمابعثت لاتمم مکارم الاخلاق،(مسند احمد)
’’میں مکارم اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجاگیاہوں۔ ‘‘ (مسند احمد)
ایک موقع پرآپؐ نے یہ بھی ارشاد فرمایا:
ان من خیرکم احسنکم اخلاقا۔ بخاری
’’ تم میں بہترین انسان وہ ہے جو تم میںاخلاق کے اعتبارسے سب سے اچھاہو۔ ‘‘(بخاری)
آج کی تیز رفتار دنیا بڑی تیزی کے ساتھ ترقی کے بلند مقام پرپہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔ آرام وآسائش کی جدیدترسہولیات حاصل ہوگئی ہیں، انسان دنیا کو اپنی مٹھی میں کر نے اورچاندپر گھر بسانے کی سوچ رہاہے۔ لیکن دوسری طرف وہ اخلاق کی اتنی پستی میں جاگرا ہے کہ اسے انسان کہنا گویالفظ انسان کی توہین ہے۔ اگر ہم اخلاقی گراوٹ کے اسباب پر نظر ڈالیں تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ انسان خدا ترس ہونے کے بجائے مادہ پرست ہوگیاہے۔
مال ودولت کا حصول اور مادہ پرستی، دو الگ الگ چیزہے۔ مال جو انسان کی ضرورت ہے۔  کائنات اور اس کی تمام چیزیں انسانوں کی سہولت اور ان کی ضرورت کی خاطر پیداکی گئی ہیں مگر خود انسان اپنے مالک کی عبادت اور اس کی طاعت کے لیے پیدا کیاگیاہے۔ اس طرح مال کا حصول اس کی ضرورت ہے مگر مادہ پرستی اللہ کی عبادت و اطاعت کے خلاف ہے۔ اس صورت میں انسان اپنے خالق و مالک کی مرضی کو بھول کر وہ تمام کام کرتا ہے جو خود اس کے لیے بھی نقصاندہ ہے۔ اس کو اس مثال کے ذریعے بہت آسانی سے سمجھا جاسکتا ہے کہ کشتی خشکی میں توچلتی نہیں ،اسے پانی پر ہی چلایاجاتا ہے لیکن اگر کشتی میں پانی لبالب بھر جائے تو یہی پانی اس کشتی کو غرقاب کردیتا ہے۔
 مادہ پرستی وہ مہلک مرض ہے جو انسانی اخلاق و کردار اور سماج کو متاثر کرتا ہے،پھر یہی بد اخلاق و بد کردار شخص رفتہ رفتہ الحاد کی طرف چلا جاتاہے اور اس کی عاقبت خراب ہوجاتی ہے۔  اللہ تعالی نے اس سے انسان کو متنبہ کیا ہے مادہ اور مادہ پرستی کو اسباب فریب قراردیتے ہوئے اس سے بچنے کی تاکید کی ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:
’’لوگوں کے لیے مرغوبات نفس، عورتیں، اولا د، سونے چاندی کے ڈھیر، چیدہ گھوڑے، مویشی او ر زرعی زمینیں بڑی خوش آئند بنا دی گئی ہیں، مگر یہ سب دنیا کی چند روزہ زندگی کے سامان ہیں۔ حقیقت میں جو بہتر ٹھکانا ہے وہ تو اللہ کے پاس ہے۔ ‘‘(آل عمران:۱۴)
مادہ پرستی نے انسان کے اخلاق کوبری طرح متاثرکیا ہے ،جس سے پورا معاشرہ فساد و بگاڑ کی آماج گاہ بن گیاہے۔ انسان ہر چیز میں مادی مفاد کو سامنے رکھ کر اس کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ مادہ پرست انسان مادی ترقی، مال و زر اور اسباب کی کثرت کو زندگی کا معراج تصورکرتا ہے۔ اگر چہ وہ خدائی ضابطوں،انسانی رشتوں اور اخلاقی قدروں کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ چنانچہ انسانی زندگی میں توازن ، اعتدال اور ہم آہنگی قائم رکھنا دشوار ہورہاہے۔
کہا جاتا ہے کہ اگرعلم عام ہوجائے ،لوگ زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ ہوجائیں تو  سماجی زندگی بہترہوجائے۔ مگریہ بات حقیقت سے پرے معلوم ہوتی ہے۔ اس دورمیں علم پہلے کے مقابلہ میں زیادہ عام ہے۔  تعلیم کا گراف بڑھ رہاہے۔ مگر اخلاق و کردار کا گراف نیچے جارہاہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ یہاں اخلاقی تعلیم پرکم مادہ پرستی اور مادی تعلیم پر زیادہ زور دیاجارہاہے۔ گویا تعلیمی مراکز انسانوں کو مشین بنانے کی فیکٹریاں ہیں،جہاں انسانی جذبات نہیں ہوتے بلکہ مادیت اور ان میںزیادہ سے زیادہ دولت کمانے کے گرسکھائے جاتے ہیں۔ علامہ اقبال ؒ نے مادہ پرستی کے غلبے کو دیکھتے ہوئے اس کی خامی کو کچھ اس طرح پیش کیاہے ؎
                                       یورپ میں بہت، روشنی علم و ہنر ہے
                                       حق یہ ہے کہ بے چشمہ حیواں ہے یہ ظلمات
                                       یہ علم، یہ حکمت، یہ تدبر، یہ حکومت
                                       پیتے ہیں لہو دیتے ہیں تعلیم مساوات
معاشرے میں جھوٹ،رشوت ،دھوکہ دھڑی ، لوٹ کھسوٹ اورحقوق کی پامالی اسی مادہ پرستی کے کرشمے ہیں۔ کل تک لوگ غریبوں کی مدد کے لیے آگے آتے تھے، ان کی ضروریات کی تکمیل کوانسانی فریضہ سمجھتے تھے،غریبوں کوکھانا دینے کے بعدہی کھاتے تھے۔ ہر کس و ناکس سے گفتگو کے دوران نرم لہجہ اختیار کرتے تھے۔ اس سے ان کے اخلاق کی بلندی کا اظہار ہوتا تھا، مگر اب عالم یہ ہے کہ لوگ غریبوں کا استحصال کرتے ہیں۔ مزدوروںکا خون چوس لینے کے بعد بھی ان کوپوری مزدوری نہیں دیتے۔ گفتگو کے دوران ایسا سخت لہجہ استعمال کرتے ہیں کہ بسا اوقات معاملہ لڑائی تک جاپہنچتا ہے۔  رشتہ داری نبھانا تو درکنار اپنے والدین پر خرچ کرنے کو بھی اپنامادی نقصان تصور کرنے لگتے ہیں ، اولاد ہوتے ہوئے بھی والدین بے سہاراہوتے ہیں۔ جب کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت ہے کہ گفتگو میں نرمی رکھی جائے، مزدور کو اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ہی مزدوری دی جائے ،کسی پر ظلم نہ کیاجائے، کسی کے ساتھ دھوکہ نہ کیاجائے۔ والدین کے ساتھ حسن سلوک کیاجائے۔  یہ وہ ا خلاقی تعلیمات ہیں، جنھیں رسول اللہ ؐ نے ایمان کا حصہ قرار دیاہے۔
مادہ پرستی نے انسانوںکو خونخوار حیوان بنادیا ہے۔  بچوںکا اغواکرنا ، اس کے عوض ان کے والدین سے کثیر رقم کا مطالبہ کرنا ، ان کے ہاتھ پیر کاٹ کران سے بھیک مانگوانا۔ یہ سارے کام مال و دولت کے حصول اور مادہ پرستی کے جذبے سے ہی انجام دیے جاتے ہیں۔
 ڈاکٹر ی کی تعلیم حاصل کرنے کا مقصدعام لوگوں کو علاج معالجہ کے ذریعہ امراض سے شفایاب کرنا ہے،مگر مادہ پرستی نے ڈاکٹروں پر بھی ایسا جادو کیا ہے کہ وہ اپنے مقصد کو بھول جاتے ہیںاور مریضوں کے ساتھ ایک جلاد کی طرح معاملہ کرتے ہیں۔ وہ نہ صرف یہ کہ علاج کے نام پر ان کے خون پسینے کی کمائی کو چوس لتے ہیں، بلکہ بسا اوقات ان کا غیرضروری آپریشن کرکے ان کے گردے تک نکال لیتے ہیں۔
مادہ پرستی نے خواتین کو بھی اپنے جھانسے میں لے لیاہے اور انھیں مستقبل کے سبزباغ دکھاکر سماج میں ذلیل اور رسوا کیاہے،اس بنا پرازدواجی زندگی تلخ ہورہی ہے۔ مغرب کے تیار کردہ آزادی نسواں اور مساوات کے پر فریب جال میں پھنس کرعورتیں سرِراہ اپنے جسموں کی نمائش کرتی پھرتی ہیں۔ معمولی معمولی چیز وں پر ان کی فحش تصاویراس بات کا بین ثبوت ہیں۔ بڑے بڑے ہوٹلوںمیںچند ٹکوں کے عوض ان سے خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔
مادیت کے غلبے نے انسان کو اندھا ،گونگا ،بہرہ بنادیاہے۔ آنکھوں کو خیرہ کردینے والی مرغوباتِ دنیا نے مادیت پرستی میں ایسا اضافہ کیا ہے کہ انسان اپنا چین و سکون کھوبیٹھا ہے،اس کے پاس نہ وقت ہے اورنہ سوچنے کے لیے خالی دماغ !معیار زندگی کو بلند سے بلند کرنے کے خیال نے اسے بے حال اورپرملال کردیاہے۔ اسے غم ہے توصرف اس بات کا کہ وہ دوسروںکی طرح امیرکیوںنہیں ہے؟ جب کہ وہ بھول گیا ہے کہ اس کائنات کے خالق کی ہر وقت اس پر نگاہ ہے۔ اگرانسان یہ سمجھتاہے کہ مال وزر کی کثرت اسے معاشرے میں باوقار بنائے گی اور اس سے وہ ہر طرح کی راحت و اطمینان کو خرید سکتا ہے تو ؎
ایں خیال وہم و گمان است
آج اگر انسانوں کو سکون و اطمینان نصیب ہوسکتا ہے تو وہ مال و دولت کے ڈھیر اکٹھا کرکے اور مادیت میں غرق ہوکر نہیں، بلکہ اپنے اخلاق وکردار کو سنوار کر اور دوسرے انسانوں کے حقوق اداکرکے ہی وہ اس سے بہرہ ور ہوسکتے ہیں۔**  

Saturday 22 February 2014

اچھے کام پرحوصلہ افزائی - دین کا مزاج
        کوئی اچھا کام انجام دینے والے کی حوصلہ افزائی اور اس کی تحسین وتوصیف بڑی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ یہ رویہ معاشرہ کے دوسرے لوگوں کو بھی اس طرح کے کاموں کی طرف متوجہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس کے برعکس تنگ نظری یا خشک مزاجی کے سبب حوصلہ شکنی کا عمل نہ صرف یہ کہ ماحول میں اختلاف وانتشار اورنااتفاقی کا سبب بن کرمعاشرے کو خراب کرے گا، بلکہ اس کے نتیجے میں ایسے لوگوں کی تعدادکم ہوجائے گی جو کسی نہ کسی درجہ میں دعوت دین، فلاح و بہبود اور معاشرے کی تعلیم وتربیت کی خدمات انجام دیتے ہیں۔کسی شخص کا کوئی کارخیراگر ہمیں معلوم ہو ، تواس کی تعریف و تحسین کرنی چاہیے ،اس کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ بہت ضروری ہے ۔اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ معاشرہ میں عمل صالح کا ماحول بنے گا اور دوسرے لوگ بھی اچھے کام انجام دینے کی طرف مائل ہوںگے۔انسان کا مزاج ہے کہ وہ کوئی کام انجام دیتاہے تواس کا بدلہ چاہتاہے، خواہ کسی بھی شکل میں ہو،وہ بدلہ دکھائی دینے والی چیز ہو یا نہ دکھائی دینے والی ۔اللہ تعالی نے جب انسان کو اس مزاج کا بنایاتواس بات کا بھی لحاظ فرمایا۔چنانچہ اس نے قرآن کریم میں بیشتر مقامات پرجہاں عمل صالح کا حکم دیاہے وہاں اس کے نتائج اورانعامات کا بھی تذکرہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو اس کی رغبت پیدا ہو اوراس راہ میں جدوجہد ان کے لیے آسان ہو۔ذیل میں چندآیات کا ترجمہ پیش کیاجاتاہے۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے:
lاللہ نے وعدہ فرمایا ہے تم میں سے ان لوگوں کے ساتھ جو ایمان لائیں اور نیک عمل کریں کہ وہ ان کو اُسی طرح زمین میں خلیفہ بنائے گا جس طرح ان سے پہلے گزرے ہوئے لوگوں کو بنا چکا ہے، ان کے لیے اُن کے دین کو مضبوط بنیادوں پر قائم کر دے گا جسے اللہ تعالیٰ نے اُن کے حق میں پسند کیا ہے، اور ان کی ﴿موجودہ﴾ حالتِ خوف کو امن سے بدل دے گا ، پس وہ میری بندگی کریں اور میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں۔ اور جو اِس کے بعد کفر کرے تو ایسے ہی لوگ فاسق ہیں۔ ﴿النور:55﴾
lجو لوگ ایمان لائیں اور نیک عمل کریں ،اللہ نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ ان کی خطائوں سے درگزر کیا جائے گا اور انہیں بڑا اجر ملے گا۔﴿المائدۃ:9﴾
l اور اے پیغمبر  صلى الله عليه وسلم جو لوگ اس کتاب پر ایمان لے آئیں اور ﴿اس کے مطابق﴾ اپنے عمل درست کرلیں اُنہیں خوشخبری دے دو کہ اُن کے لیے ایسے باغ ہیں ، جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی۔ اُن باغوں کے پھل صورت میں دنیا کے پھلوں سے ملتے جلتے ہوں گے۔ جب کوئی پھل انہیں کھانے کو دیا جائے گا تو وہ کہیں گے کہ ایسے ہی پھل اِس سے پہلے دنیا میں ہم کو دیے جاتے تھے۔اْن کے لیے وہاں پاکیزہ بیویاں ہوں گی ، اور وہ وہاں ہمیشہ رہیں گے۔ ﴿البقرۃ:25﴾
l اور جو نیک عمل کرے گا ، خواہ مرد ہو یا عورت ، بشرطیکہ ہو وہ مومن ، تو ایسے ہی لوگ جنت میں داخل ہوں گے اور اُن کی ذرہ برابر حق تلفی نہ ہونے پائے گی۔﴿النساء:124﴾
l حقیقت یہ ہے کہ یہ قرآن وہ راہ دکھاتا ہے جو بالکل سیدھی ہے۔ جو لوگ اسے مان کر بھلے کام کرنے لگیں انہیں یہ بشارت دیتا ہے کہ اُن کے لیے بڑا اجر ہے ، ﴿بنی اسرائیل:9﴾
l بخلاف اس کے جن لوگوں نے ہماری آیات کو مان لیا ہے اور اچھے کام کیے ہیں۔ اور اس باب میں ہم ہر ایک کو اس کی استطاعت ہی کے مطابق ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ وہ اہلِ جنت ہیں جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے۔ ﴿الاعراف:42﴾
l پھر جو نیک عمل کرے گا ، اس حال میں کہ وہ مومن ہو ، تو اس کے کام کی ناقدری نہ ہوگی ، اور اسے ہم لکھ رہے ہیں۔ ﴿الانبیاء:94﴾
l اور جن لوگوں نے ہماری آیات کو مان لیا اور نیک عمل کیے اُن کو ہم ایسے باغوں میں داخل کریں گے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی ، جہاں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے اور اُن کو پاکیزہ بیویاں ملیں گی اور انہیں ہم گھنی چھائوں میں رکھیں گے۔﴿النسائ:57﴾
l اْس وقت وہ لوگ جنہوں نے ایمان لاکر نیک طرزِ عمل اختیار کیا ہے اپنے اجر پورے پورے پائیں گے اور اللہ اپنے فضل سے ان کو مزید اجر عطا فرمائے گا ، اور جن لوگوں نے بندگی کو عار سمجھا اور تکبر کیا ہے اُن کو اللہ درد ناک سزا دے گا اور اللہ کے سوا جن جن کی سرپرستی و مددگاری پر وہ بھروسہ رکھتے ہیں ان میں سے کسی کو بھی وہ وہاں نہ پائیں گے۔ ﴿النساء:173﴾
lرہے وہ لوگ جو مان لیں اور نیک عمل کریں ، تو یقینا ہم نیکو کار لوگوں کا اجر ضائع نہیں کیا کرتے۔﴿کہف :30﴾
l تو جو شخص اپنے خالق ومالک سے ملنے کی امید رکھتا ہے اسے چاہئے کہ نیک کام کرے اوراپنے رب کی عبادت میں کسی کو شریک نہ کرے۔﴿کہف :110﴾
l اور جنہوں نے ایمان اور نیک عملی کا رویہ اختیار کیا ہے اُنہیں اُن کے اجر پورے پورے دے دیے جائیں گے۔ اور﴿خوب جان لے کہ ﴾ظالموں سے اللہ ہرگز محبت نہیں کرتا۔‘‘  ﴿آل عمران:57﴾
lہاں ، جو لوگ ایمان لے آئیں اور نیک عمل کریں اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ دیں ان کا اجر بے شک ان کے رب کے پاس ہے اور ان کے لیے کسی خوف اور رنج کا موقع نہیں۔﴿البقرۃ:277﴾
lبخلاف اس کے جو لوگ ایمان لائے ہیں اور جنہوں نے خدا کی راہ میں اپنا گھر بار چھوڑا اور جہاد کیا ہے ، وہ رحمتِ الٰہی کے جائز اُمیدوار ہیں اور اللہ ان کی لغزشوں کو معاف کرنے والا اور اپنی رحمت سے انہیں نوازنے والا ہے۔﴿البقرۃ:218﴾
اگرہم سیرت نبوی  صلى الله عليه وسلم  کامطالعہ کریں توپائیں گے کہ آپ  صلى الله عليه وسلم  بچپن سے ہی نیک دل ، سچے، امانت داراوربہت سی خوبیوںکے حامل تھے ، جس کا چرچا سارے عرب میں تھا۔ ہرشخص کوآپ پر اعتبار تھا ،یہی وجہ تھی کہ کفارمکہ آپ کواچھے القاب سے یادکرتے اورآپ کے محاسن بیان کرتے تھے۔اطراف مکہ میں بھی اس بات کا چرچاہونے لگے جسے سن کرلوگ آپ سے ملنے کے لیے بے چین رہتے۔ اعلان نبوت کے بعدجب اہل مکہ اورسرداران قریش آپ کے دشمن ہوگئے اورآپ صلى الله عليه وسلم  کے متعلق طرح طرح کی باتیں کرنے لگے تب دوسرے قبیلے والوں میں آپ  صلى الله عليه وسلم سے ملنے کا اشتیاق مزیدبڑھ گیا ۔یہ سب آپ  صلى الله عليه وسلم  کی ان خوبیوں اوراعمال خیرکے سبب تھا جن کے سارے لوگ قائل تھے۔
 حضور  صلى الله عليه وسلم  نے جب اسلام کا مرکز مدینہ منورہ کو بنایا تو وہاں بھی معاشرے کوبہتر اور اعمال خیرسے آراستہ کرنے کے لیے آپ  صلى الله عليه وسلم  نے صحابہ کرام کو نہ صرف دین کی تعلیمات سے آراستہ کیا،بلکہ ان کے اچھے کاموں اورخوبیوں کے سبب ان کی تعریف وتوصیف فرمائی اور انھیں اچھے القاب سے نوازا۔ذیل میں صحابہ کرام ؓ کے بعض واقعات بطورنمونہ بیان کیے جارہے ہیں:
 حضرت ابوبکرؓ : جلیل القدرصحابی اور خلیفہ اول ہیں، جن کو’ صدیق ‘کے لقب سے یادکیاجاتاہے۔ یعنی تصدیق کرنے والا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ رسول اللہ  صلى الله عليه وسلم  نے ان کوشب معراج کے موقع پر آپ  صلى الله عليه وسلم  کی تصدیق کی وجہ سے یہ خطاب عطافرمایاتھا۔جب اہل مکہ نے حضرت ابوبکرصدیق ؓ  کے سامنے حضور  صلى الله عليه وسلم  کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ تمہارے صاحب تو ایک رات میں آسمان کی سیر کرکے آئے ہیں ، تو آپؓ  نے کہا:
’’انی اصدقہ بابعدمن ذالک بخبرالسماء غدوۃ وروحہ‘‘
میں تو اس سے بھی بڑی خبرکی تصدیق کرتا ہوں۔ وہ بتاتے ہیں کہ ان کے پاس صبح وشام آسمان سے خبر آتی ہے تو میں اسے مان لیتا ہوں۔﴿دلائل النبوۃ للبیہقی،مصنف عبدالرزاق﴾
خلیفہ ثانی حضرت عمربن الخطاب ؓ  کونبی کریم  صلى الله عليه وسلم  نے ’فاروق‘ کا خطاب عطا کیاتھا۔اس کا پس منظریہ ہے کہ جس وقت آپ حلقہ بگوش اسلام ہوئے تورسول اللہ  صلى الله عليه وسلم  سے کہا:ہم چھپ کر نماز کیوںپڑھیں جب کہ ہمارا دین حق ہے ،ہماری نماز حق ہے، اس دن تمام لوگوںنے خانہ کعبہ میں علانیہ نماز اداکی۔حضرت عمرؓ  تاحیات اس لقب کے معنوی اثرات بکھیرتے رہے۔ آپ کے عدل وانصاف کے قصے معروف ہیں ۔آپؓ  کی دلیری، قوت ارادی اور دوررس افکار و خیالات کے سبب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آپؓ  کو یہ اعزاز بھی بخشا : لوکان بعدی نبی لکان عمرؓ ۔ اگرمیرے بعد کوئی نبی ہوتا توعمرہوتا۔
حضرت عثمان غنیؓ :عثمان بن عفان ؓ  تیسرے خلیفہ راشد ہیں۔آپ ؓ  کے دوالقاب سے مشہور ہیں ایک ’غنی‘ دوسرے ’ذوالنورین‘ ہے۔مؤخرالذکرلقب کی وجہ یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دو صاحبزادیاں یک بعد دیگرے آپ کی زوجیت میں آئیں۔ آپ ؓ  نہایت ہی باحیا، فیاض ، محسن ،نرم طبیعت اورخوش اخلاق تھے ۔مدینہ منورہ میں صحابہ کرام کے پاس پینے کے لیے میٹھے پانی کا کنواں نہیں تھا وہ ایک یہودی کے کنوے سے پانی لیتے تھے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم    کی ایما پر آپ ؓ  نے وہ کنواں خریدکرعام لوگوں کے لیے وقف کردیا۔اسی طرح اسلام کی اشاعت میں آپ نے اپنا بہت سارامال خرچ کیا۔
حضرت علی کرم اللہ وجہہ:اسلام قبول کرنے والوںمیں آپ کا نمبردوسرا ہے۔ آپؓ  چوتھے خلیفہ ہیں۔ آپؓ  فاتح خیبرکے لقب سے مشہورہیں۔نبی کریم  صلى الله عليه وسلم نے جنگ خیبرکے موقع پرارشادفرمایاتھا:
لا عطین الرایۃ رجلا یفتح اللہ علی یدیہ،یحب اللہ ورسولہ ویحبہ اللّٰہ ورسولہ ﴿متفق علیہ﴾
میں ایک ایسے شخص کو جھنڈادوں گا جس کے ذریعے اللہ فتح عطا کرے گا۔وہ اللہ اوراس کے رسول سے محبت کرتاہے اوراللہ اوراس کا رسول بھی اس سے محبت کرتے ہیں ۔
حضرت جعفربن ابی طالب ؓ : آپؓ نے 33سال کی عمرپائی اورجنگ موتہ میں شہید ہوئے۔ اس جنگ میں اولاً آپ کے دونوں بازوں کٹ گئے پھربھی اسلام کا جھنڈا زمیں پرگرنے نہ دیا۔حضرت جعفرؓ  غریبوں اور مسکینوں کا بہت خیال رکھتے اوران کی ضرورتیں پوری کرتے تھے۔اس وجہ سے آپ ابولمساکین کے لقب سے مشہورتھے۔
حضرت سلمہ بن اکوع ؓ : صحابی موصوف کونبی کریم   صلى الله عليه وسلم  نے بطل المشاۃ ﴿بہادرپیادہ پا﴾ کا لقب عطا فرمایاتھا۔سے حاصل کی ، اس کی وجہ یہ تھی پیادہ پابہادر اور تیرانداز و نیزہ بازتھے۔ جو دشمنوں کو کھد یڑدیتے تھے۔ غزہ ذی قرد کے موقع پر آپ نے انھیں یہ اعزاز بخشا تھا۔
حضرت زبیربن العوامؓ :آپؓ  حواری رسول  صلى الله عليه وسلم  کے لقب سے مشہورہیں۔جنگ خندق کے موقع پر آپ  صلى الله عليه وسلم نے صحابہ کرام ؓ سے دریافت کیاکہ کون بنوقریظہ کی خبرلائے گا۔حضرت زبیرؓ  نے خودکوپیش کرتے ہوئے کہا: میں !یہی سوال آپ نے تین بار دوہرایا۔ہربارآپؓ  ہی آگے آئے۔ اس پر آپ نے ارشادفرمایا:
لکل نبی حواری ، والزبیرحواری۔
ہرنبی کے حواری اوردوست ہوتے ہیں میرے حواری زبیرؓ  ہیں۔﴿بخاری﴾
حضرت حنظلہ بن ابی عامر الانصاریؓ :آپؓ  کو غسیل الملائکۃ کا اعزاز حاصل ہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کی ابھی نئی نئی شادی ہوئی تھی، جب صبح ہوئی تو جہاد کی پکارنے ان کو بے قرارکردیااور آپ نے اپنی تلوارلٹکائی اورذرہ پہن کر نکل پڑے ،میدان احدمیں آپ نے ابوسفیان کو دیکھا اوراس پروارکرنے کے لیے لپکے ،مگراس کی چیخ وپکارپر بہت سے شہسوارقریش جمع ہوگئے اورانھوں نے حضرت حنظلہؓ  کو شہیدکردیا۔جب نبی کریم  صلى الله عليه وسلم  کو اس کی اطلاع ملی تو آپ نے ارشادفرمایا:
انی رأیت الملائکۃ تغسل حنظلہ بین السمائ والارض بمائ المزن فی صحاف الفضۃ۔
میں نے دیکھا ہے کہ فرشتے حنظلہ کو آسمان وزمین کے درمیان چاندی کے برتن سے بادلوں کے پانی سے نہلارہے ہیں۔﴿دلائل النبوۃ لابی نعیم﴾
یہ سن کر صحابہ ان کی طرف دوڑے تودیکھا کہ ان کے سر سے پانی ٹپک رہاہے۔ جب ان کی اہلیہ سے حالات دریافت کے لیے گئے تو پتہ چلاکہ وہ صبح شوق جہادمیں بغیر نہائے ہی نکل گئے تھے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت خالدبن ولید ؓ  کو سیف اللہ کے خطاب سے نوازا۔چنانچہ جب آپ نے فوجی قیادت سنبھالی تو اپنے اس فن میں ماہر ہونے کی حیثیت سے وہ کارنامے انجام دیے جوایک بہادر فوجی لیڈرکے شایا نِ شان تھے اور آپ کے فہم وبصیرت اور جرأت وبہادری سے بہت سے مقامات فتح ہوئے۔
حضرت معاذبن جبل ؓ  زودفہمی ،قوت استدلال، خوش بیانی اوربلندہمتی کے لحاظ سے ایک منفردممتازمقام رکھتے تھے۔ان کی تعریف وتوصیف اللہ کے رسول  صلى الله عليه وسلم  نے ان الفاظ میں بیان فرمائی :
اعلم امتی بالحلال والحرام معاذبن جبل۔ ﴿الطبقات الکبری لابن سعد﴾
میری امت میں معاذ بن جبلؓ  حلال وحرام کوبہترجاننے والے ہیں۔
حضرت ابوعبیدۃ بن الجراحؓ  : آپ  صلى الله عليه وسلم نے حضرت ابوعبیدۃ بن الجراحؓ  کی خوبیوں کے پیش نظرانھیں ’’امین ‘‘کا خطاب عطاکیا تھا۔’’ایک موقع سے یمن کے کچھ لوگ آئے ،اورآپ  صلى الله عليه وسلم  سے دریافت کیا کہ ہمیں کوئی ایسا شخص دیجئے جوہمیں اسلام اورسنۃ سکھائے آپ نے حضرت ابوعبیدۃ ؓ  کا ہاتھ تھاما اور فرمایا : ہذاامین ہذہ الامۃیہ ہیں اس امت کے امین ۔ایک مرتبہ آپ نے ارشاد فرمایا:
 لکل امۃ امین وامین ہذہ الامۃ ابوعبیدۃ ﴿متفق علیہ﴾
 ہرقوم میں ایک امین ہوتاہے اور اس امت کے امین ابوعبیدہ ؓ  ہیں۔
ان کے علاوہ صحابہ کرام کی ایک طویل فہرست ہے جن کو اللہ کے رسول  صلى الله عليه وسلم  نے ان کے عمدہ اوصاف اورکارناموں کی تعریف کرتے ہوئے انھیں کو اعزازات والقاب سے نوازا۔یہی طریقہ صحابہ کرام، تابعین اورتبع تابعین کا بھی رہاہے۔ ان لوگوںنے بھی یہی رویہ اختیارکیاکہ وہ لوگوں کے اچھے کاموں پر ان کی تعریف وتحسین کیاکرتے تھے۔ اگرہمارے معاشرے میں کوئی شخص فلاح عام کا کام انجام دے رہاہے ،یا کوئی دینی ماحول بناکر کسی نیک کام کوفروغ دے رہاہے،یا تربیتی نقطہ نظرسے کسی طرح کا کوئی عمل انجام دے رہاہے ،جوشریعت کے مطابق اور اس کے مزاج کے موافق ہے توایسے شخص کی تعریف وتحسین کی جانی چاہیے، بلکہ وقتا فوقتا اسے انعام سے بھی نوازنا چاہیے تاکہ دوسرے لوگوں میں بھی کار خیرکا جذبہ پیدا ہو۔ دوسری طرف ایسے مخلصین وخیرخواہ حضرات جوکسی درجہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیںان کو چاہیے وہ کسی تعریف وتوصیف کی پروا کیے ایسے کام انجام دیتے رہیں جن سے ملت کو فائدہ پہنچے اورقیامت میں وہ سرخروہوں۔



Turky & Sirya Zalzala

 ترکی و شام میں زلزلے کی تباہ کاری اور انسانیت کی ذمہ داری محب اللہ قاسمی انسان جس کی فطرت کا خاصہ انس ومحبت ہے ۔ اس لیے اس کا ضمیر اسے باہم...