Saturday 7 February 2015

Iman Sab se Badi Daulat


’ایمان‘ سب سے بڑی دولت

        ’ایمان‘ مسلمان کا وہ ہتھیار ہے ، جس سے وہ اپنے سب سے بڑے دشمن ’شیطان‘کا مقابلہ کرتا ہے۔اس لیے ایمان کا مضبوط ہونا نہایت ضروری ہے، تاکہ شیطان سے مقابلہ آرائی آسان ہو۔ اس کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے کہ مسلمان ایمان کی حقیقت سے آشنا ہوں، اس کی قدر وقیمت اور  لذت وحلاوت محسوس کرتے ہوں، اسے اپنی جان سے عزیزرکھتے ہوں۔ اگر ایمان قوی ہو تو دنیا کے مکر و فریب سے مومن کے قدم راہ حق میں ڈگمگاتے نہیں نبی کریم ﷺ کا ارشاد اہل ایمان کے حوصلے کوبلند اور مضبوط بنا دیتاہے۔اللہ کے رسول ؐ کا ارشاد ہے:
الدنیا سجن المؤمن وجنۃ الکافـر(مسلم)
دنیا مؤمن کے لیے قیدخانہ اور کافر کے لیے جنت ہے ۔
جب حقیقت یہ ہو تو ایک مومن اس عارضی دنیا (جو اس کے لیے قید خانہ کے مانند ہے )کو اپنے لیے جنت کیسے تصور کرسکتا ہے، چہ جائے کہ اس کی رنگینی میں کھو کر اس کا ایمان کمزور ہوجائے جو اسے حقیقی جنت میں لے جانے والا ہے، جو اس دنیاسے بدرجہا بہتر ہے جس میں اسے ہمیشہ رہناہے۔
 قُلْ أَذَلِکَ خَیْْرٌ أَمْ جَنَّۃُ الْخُلْدِ الَّتِیْ وُعِدَ الْمُتَّقُونَ کَانَتْ لَہُمْ جَزَاء  وَمَصِیْراً oلَہُمْ فِیْہَا مَا یَشَاؤُونَ خَالِدِیْنَ کَانَ عَلَی رَبِّکَ وَعْداً مَسْؤُولاً o  (الفرقا: 16-15)
ان سے پوچھو یہ انجام اچھا ہے یا وہ ابدی جنت جس کا وعدہ خدا ترس پرہیزگاروں سے کیا گیا ہے جو ان کے عمل کی جزا اور ان کے سفر کی آخری منزل ہوگی، جس میں ان کی ہر خواہش پوری ہوگی ، جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے، جس کا عطا کرنا تمہارے رب کے ذمہ ہے، ایک واجب الادا وعدہ ہے۔
’ایمان‘ انسان کی بڑی دولت ہے ۔اگر کسی کے پاس کچھ سرمایا نہ ہو ،بظاہر وہ  غربت کی زندگی جی رہاہو مگر اس کے پاس ایمان ہے تو وہ سب سے بڑا مالدار ہے۔ اس کے پاس دنیوی خزانے کی کنجی نہ ہو مگر نجات کی چابی اس کے پاس موجودہے۔ اس کے برعکس ایک شخص خواہ کتنا ہی مالدار ہو، دنیا کی ساری نعمتیں اور آسائشیں اس کے پاس فراہم ہوں مگراس میں ایمان نہ ہوتو وہ تاریک اور ویران گھر کے مانند ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سماجی طور پر معمولی سمجھا جانے والا مسلمان، جس کا دل ایمان کی روشنی سے جگمگارہا ہو، مشکلات کا سامنا پامردی سے کرتا ہے۔ اسے سب منظور ہوتاہے مگرپر فریب دنیا کی چمک دمک سے مرعوب ہوکرایمان کا سودا کرنا منظور نہیںہوتا۔
تاریخ کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ایمان ہی تھا جس کی بدولت مسلم فوج نے بحر ظلمات میں گھوڑے ڈال دیے ، واپسی کا خیال تک دل میں نہ آیا اور کشتیاں جلادی گئیں۔مگر ان پرکوئی غم اورپژمردگی طاری نہیں ہوئی ان کے سامنے کامیابی و کامرانی کا ضامن اللہ کا فرمان تھا:
لاتہنوا و لا تحزنوا وانتم الاعلون ان کتنم مؤمنین (آل عمران:139)
تم نہ دل برداشتہ ہو اورنہ غم گین ہو،تم ہی سربلندرہوگے بشرط کہ تم مومن ہو
جس اہل ایمان کا مقصد دائمی زندگی کی فلاح و نجات ہو ،وہ خوشنودیٔ رب کے طلب گار ہوتے ہیں ۔ وہ صرف کلمہ گو نہیں بلکہ عملاً بھی حق کی گواہی دیتا ہے۔حضرت خبیب بن عدیؓ جنھیں مکہ سے باہر ’ تنعیم ‘میںان کے جسم کے ٹکڑے کیے گئے پھر سولی پر لٹکا دیا گیا۔حضرت سمیہ ؓ کو نیزہ مار کر شہید کردیا گیا حضرت عمارؓکو زد و کوب کیا گیا،بلال ؓ کو تپتی ریت پر لٹانے کے بعد بھاری پتھر ڈال کر اذیتیں دی گئیں مگر انھوں نے اپنے ایمان کا سودا نہیں کیا۔حضرت صہیب رومی ؓ جب ہجرت کرکے مدینہ جانا چاہتے تھے کفار مکہ نے ان کے تمام مال و اسباب سب پر قبضہ کرلیا مگر حضرت صہیب رومیؓ کو ذرا بھی افسوس نہیں ہوااورخالی ہاتھ مدینہ منورہ چلے آئے ، آپ ؐ نے ان کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تین بار یہ ارشاد فرمایا:
ربح البیع یا ابایحیی!       ’’ابویحیی ! یہ تجارت تمہارے لیے بہت نفع بخش رہی‘‘
انسان کی فطرت ہے کہ وہ چیزوں میں لذت اور ذائقہ تلاش کرتا ہے ،جب وہ لذت شناس ہوجاتا ہے تو پھر اس کا دلدادہ ہو جاتاہے۔ ایمان بھی اپنے اندر ایک خاص لذت رکھتا ہے، مگر یہ لذت ہر شخص کو میسر نہیںہوتی، جیسے ایک بیمار شخص کو لذیذ سے لذیذ چیز دے دی جائے مگر وہ اس کی لذت سے محروم رہتا ہے۔ ایمان کی لذت کون حاصل کرسکتا ہے اس کے متعلق نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایاہے:
ثلاث من کن فیہ وجد بہن حلاوۃ الایمان،  ان یکون اللہ و رسولہ احب الیہ مما سواہما، وان یحب المرء لایحبہ الا للہ، و ان یکرہ ان یعود فی الکفر کما یکرہ ان یقذف فی النار
’’جس شخص کے اندر تین چیزیں ہوں گی وہ ان کے سبب ایمان کی حلاوت کو پالے گا۔ ایک: جسے اللہ اور اس کا رسول سب سے زیادہ محبوب ہو،دوسری: اللہ ہی کی خاطر بندوں سے محبت کرتا ہو اورتیسری: جسے کفر میں لوٹنا ایسے ہی ناگوار ہو جیسے آگ میں پھینکا جانا۔‘‘ (بخاری ومسلم)
اس حدیث میں حلاوت ایمان کے حصول کے لیے تین چیزوں کا ذکر کیا گیا ہے ۔ اگر ان کا لحاظ رکھا جائے اور ایمان کے تقاضوں پر مضبوطی سے عمل پیرا ہو تو وہ دین کے کام کو بخوبی انجام دے گا جس کے نتیجے میںاس پر ایمان کے ثمرات مرتب ہوں گے اور وہ ایمان کی چاشنی کو محسوس کرے گا۔
امام نووی ؒ نے صحیح مسلم کی شرح میں ایمان کی لذت کو حقیقی لذت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ علماء کے نزدیک ایمان کی چاشنی اطاعت ربانی کے ذریعہ حاصل ہوتی ہے۔ صحابہ کرامؓ دنیا کی زندگی کواطاعت الٰہی پر نچھاور کردینے کا جذبہ رکھتے تھے۔یہ حلاوت ایمان کا اثر ہے۔ اگر انسان چاہتا ہے کہ وہ ایمان کی چاشنی اور اس کی لذت سے محظوظ ہو تو اسے فرائض کی پابندی کے ساتھ ساتھ نوافل کا بھی اہتمام کرنا چاہیے۔ پھر وہ اللہ کا بے حد محبوب ہوجاتاہے۔کوئی مؤمن جس کی مذکورہ کیفیت ہو اور وہ ان ایمانی صفات سے متصف ہو اور اللہ کا قرب حاصل ہوتو اسے ایمان کی حلاوت کا حاصل ہونا لازمی امرہے۔ نبی کریم ؐنے ایمان کی لذت کے حصول کے بارے میں دوسری جگہ یوں ارشاد فرمایاہے:
ذاق طعم الایمان: من رضی باللہ ربا، و بالاسلام دینا، و بمحمد نبیا و رسلا
’’اس شخص نے ایمان کا مزہ چکھ لیا جو اللہ کو پروردگار مان کر ،اسلام کو دین مان کر اور محمد ﷺ کو رسول مان کر راضی ہوگیا۔ ‘‘ (مسلم)
اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ ایمان کی لذت کے لیے اللہ کو خالق و مالک ماننا اور اللہ کے رسولؐ کی اطاعت کرناضروری ہے۔ ایمان کا تقاضا ہے کہ آپ ؐ سے محبت کی جائے،آپؐ دنیا و مافیہا سے زیادہ محبوب ہوں اور محبت کا تقاضا ہے کہ آپ ؐ کی مکمل اقتدا کی جائے اور اسلام کی دعوت جسے لے کرآپؐ مبعوث ہوئے ،اس کو عام کیاجائے۔یہ وہ کیفیت ہے جس سے ایمان کی چاشنی ملتی ہے اور اس کی لذت حاصل ہوتی ہے۔
 بہت سی ایسی چیزیں ہیں جس سے ایمان کمزور ہوتاہے۔ اس کے متعلق احادیث وارد ہوئی ہیںمثلاًآپ ؐ کا ارشاد ہے:
لا ایمان لمن لا امانۃ لہ، ولا دین لمن لا عہد لہ  (ابن ماجہ)
اس شخص میں ایمان نہیں جس میں امانت داری نہ ہو اور اس شخص میں دین کا پاس ولحاظ نہیں جس کے اندر عہد کی پاس داری نہ ہو۔
ماآمن بی من بات شبعان  وجارہ جائع (ترمذی)
وہ مجھ پر ایمان نہیں رکھتا جو خودتوسیرہوکرکھائے اورمزے کی نیندلے اوراس کا پڑوسی بھوکا ہو۔ 
لایومن احدکم حتی یحب لاخیہ مایحب لنفسہ                                         
’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن(کامل) نہیں ہوسکتا جب تک وہ دوسروںکے لیے بھی وہی چیز نہ پسند کرے جو اپنے لیے پسند کرتاہے۔‘‘(متفق علیہ)
لا یستقیم ایمان عبد حتی یستقیم قلبہ ،ولا یستقیم قلبہ حتی یستقیم لسانہ 
 بندے کا ایمان اس وقت تک درست نہ رہے گا جب تک اس کا دل درست نہ رہے ، اوراس کادل اس وقت تک درست نہیں رہتا جب تک اس کی زبان درست نہ ہو۔(مسند احمد)
لا یزنی الزانی حین یزنی وہو مومن ،ولا یشرب الخمر حین یشرب وہو مؤمن، ولا یسرق حین یسرق وہو مؤمن، ولا ینتہب نہبۃ یرفع الناس الیہ فیہا ابصارہم حین ینتہبہا و ہو مؤمن۔    
’’زنا کرتے وقت زانی مومن نہیں رہتا اورنہ شراب پیتے وقت وہ مؤمن رہتاہے۔ اسی طرح چوری کرتے وقت وہ مؤمن نہیں رہتااورنہ اس وقت مومن رہتاہے جب کسی کا مال لوٹتاہے اور لوگ دیکھتے رہ جاتے ہیں۔  (بخاری)

اس لحاظ سے ایمان مسلمانوں کی سب سے بڑی دولت ہے ۔اس کے لیے محض زبان سے اقرار اور دل میں عقیدت کا سرسری جذبہ کافی نہیں ہے ۔ تاآنکہ ایمان کی حفاظت نہ کی جائے اور عمل سے گواہی  نہ دی جائے ۔ ہر وہ تقاضا جوایمان کے منافی ہے، تو مردانہ وار اس کامقابلہ کیا جائے۔ یہ چیز حلاوت ایمان کی کیفیت کا عملی مظہر ہے۔

No comments:

Post a Comment

Turky & Sirya Zalzala

 ترکی و شام میں زلزلے کی تباہ کاری اور انسانیت کی ذمہ داری محب اللہ قاسمی انسان جس کی فطرت کا خاصہ انس ومحبت ہے ۔ اس لیے اس کا ضمیر اسے باہم...