Sunday 15 May 2016

INTRODUCTION Book: ( Personality Development In light of Islam ) ''شخصیت کی تعمیر- اسلام کی روشنی تبصرہ

INTRODUCTION My Book ''Shakhsiyat ki Tameer Islam ki Raoshni Men'

باسمہ تعالیٰ

نام کتاب : شخصیت کی تعمیر- اسلام کی روشنی

مؤلف : جناب مولانا محب اللہ قاسمی

ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی۔۲۵
MARKAZI MAKTABA ISLAMI PUBLISHERS
D-307, Dawat Nagar, Abul Fazl Enclave, 
Jamia Nagar, New Delhi-110025
Phone: 91-11-26981652, 26984347
صفحات:  ۱۳۴ قیمت:  ۷۵ روپے
تبصرہ نگار: اشتیاق احمد قاسمی،استاذ دارالعلوم دیوبند

     اللہ تعالی نے انسان کی تخلیق کے ساتھ ہی اس کی ہدایت و رہنمائی کے ذرائع پیدا فرمائے۔ ایک تو انبیائے کرام کو مبعوث فرمایا۔ دوسرے ان کے ساتھ ہدایت نامہ عنایت فرمایا، واسطہ حضرت جبرائیل کا بنایا، انبیائے کرام کی صحیح تعداد صحیح رویات میں مروی نہیں، اسی طرح سے ہدایت ناموں(صحائف) کی تعداد بھی متعین نہیں۔ گویا بے شمار انبیائے کرام کو بے شمار صحائف عنایت فرمائے، تاکہ ان کی روشنی میں اپنی اپنی امت کو صراط مستقیم کی رہنمائی فرمائیں۔ بڑی بڑی کتابیں چار بڑے بڑے پیغمبران پر نازل فرمائیں، غرص یہ کہ اللہ تعالی نے کتاب اللہ کے ساتھ رجال اللہ کا سلسلہ قائم فرمایا، رجال اللہ کا سلسلہ خاتم الانبیاء محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم ہوگیا اور کتاب اللہ کا سلسلہ قرآن پاک پر مکمل ہوگیا، اب قیامت تک آنے والے انسانوں کی ہدایت ، و رہنمائی کے لیے آیات قرآنی اور احادیث نبویؐ کافی ہیں، انھیں سے شخصیت کی تعمیر ہوگی اور ہوتی رہے گی، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا سلسلہ چلتا رہے گا۔ اس موضوع کی محنت ،تقریر و تحریر دونوں گوشوں سے اہل علم کرتے رہے ہیں۔

ابھی میرے سامنے جناب محب اللہ قاسمی صاحب کی کتاب ہے۔ موصوف نے ہدایت انسانی کے لیے اس کی تصنیف کی ہے، مختلف موقعوں سے اخبارورسائل میں تذکیری مضامین لکھے ہیں، اس میں ایمانیات اور اخلاقیات سے متعلق اسلامی تعلیمات پر خامہ فرسائی کی ہے ۔ یہ کتاب ان ہی مضامین کا مجموعہ ہے۔پوری کتاب پر نظر ڈالنے کے بعد بڑی خوشی ہوئی کہ نوخیزقلم کار نے اپنے سوز دروں کو نہایت ہی سلیقے سے سپرد قرطاس کیا ہے، ان کو پڑھ کر قارئین متأثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔بہترین انسان بننے کے لیے کیا کیا کرنا چاہیے اور کن کن بہیمی صفات کو اپنا کر انسان بدترین بن جاتا ہے ، تخلیہ اور تحلیہ کی اصطلاح کو ذکر کیے بغیر مصنف نے اس موضوع کو تمام قارئین کے لیے بالکل آسان زبان میں لکھا ہے، زبان رواں دواں اور اسلوب متانت آمیز ہے۔

تصوف اور احسان کے موضوع کو تزکیہ ٔ نفس کے عنوان سے لکھا ہے، زندگی میں انقلاب صرف کتاب سے نہیں برپا ہوتا ہے، اس کے لیے صحبت صالحین بھی اسی قدر ضروری اور لازمی ہے۔ مذکورہ کتاب میں اس پہلو پر خاطر خواہ نہیں لکھا گیا۔ صفحہ نمبر ۴۴پر تھوڑا سا مواد ہے، مگر جس موضوع پر کتاب ہے ، اس میں اتنی مقدار کافی نہیں ہے۔ضروری تھا کہ اس کی حیرت انگیز انقلابی تاثیر پر بھی مواد اکٹھا فرما کر قارئین کو محظوظ کرتے ۔

اللہ تعالی موصوف کی محنت کو قبول فرمائے اور زبان و قلم سے دین حنیف کی خدمت کی توفیق بخشے۔کتاب کتابت ، طباعت، ٹائٹل اور زبان و بیان کے لحاظ عمدہ اور قابل قدر ہے۔ امید ہے کہ قارئین کی بارگاہ میں محبوبیت کا شرف حاصل کرے گی۔ و باللہ التوفیق!

No comments:

Post a Comment

Turky & Sirya Zalzala

 ترکی و شام میں زلزلے کی تباہ کاری اور انسانیت کی ذمہ داری محب اللہ قاسمی انسان جس کی فطرت کا خاصہ انس ومحبت ہے ۔ اس لیے اس کا ضمیر اسے باہم...